حیدرآباد۔31جولائی (سیاست نیوز) جشنیو دیو ورما نے آج تلنگانہ کے گورنر کی حیثیت سے حلف لے لیا۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس آلوک ارادھے نے گورنر کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا ۔ راج بھون میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارکا‘ ریاستی وزراء کیپٹن اتم کمار ریڈی ‘ پی سرینواس ریڈی ‘ ٹی ناگیشور راؤ‘ ڈی سریدھر بابو‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ دامودر راج نرسمہا ‘ پونم پربھاکر‘ مسز انوسویا سیتکا کے علاوہ مرکزی وزیر کانکنی جی کشن ریڈی اور دیگر موجود تھے۔صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندرریڈی ‘ ڈاکٹر جی چنا ریڈی نائب صدرنشین تلنگانہ منصوبہ بندی کمیشن کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔سابق ڈپٹی چیف منسٹر تریپورہ جشنیو دیو ورما کو صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے گذشتہ دنوں تلنگانہ کے مستقل گورنر کی حیثیت سے نامزد کرنے کے احکام جاری کئے تھے ۔ قبل ازیں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شمس آباد ائیر پورٹ پر پہنچنے پر گورنر جشنیو دیوورما کا پرتپاک خیر مقدم کیا اس موقع پر چیف منسٹر کے ہمراہ دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ حلف برداری تقریب کے بعد چیف منسٹر کے علاوہ دیگر کابینی رفقاء نے گورنر کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ حلف برداری کے بعد گورنر نے محکمہ پولیس کی جانب سے دی گئی سلامی قبول کی ۔تلنگانہ کے نئے گورنر جشنیو دیو ورما نے حلف برداری تقریب کے بعد شرکاء سے ملاقات کی اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس موقع پر موجود کابینی رفقاء اور عہدیداروں کا تعارف کروایا۔ سانتھی کماری چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ نے حلف برداری تقریب کی کاروائی چلائی ۔ تقریب میں ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار مسٹر روی گپتا ‘ مسٹر راما کرشنا‘ مسٹر نوین متل کے علاوہ دیگر موجود تھے۔3