تین افراد گرفتار، سرور نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔یکم؍ مئی، ( سیاست نیوز) دسویں جماعت تا پوسٹ گریجویٹ سطح کے نقلی تعلیمی سرٹیفکیٹ تیار کرنے والی ایک بین ریاستی ٹولی کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا۔ اس ٹولی کے تین افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ مزید تین مفرور بتائے گئے ہیں۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے سرور نگر پولیس کے ساتھ کی گئی مشترکہ کارروائی میں اس بین ریاستی ٹولی کا پردہ فاش کردیا۔ پولیس کے مطابق 23 سالہ جی روہت ورما ساکن کومپلی، 48 سالہ ٹی رینوکیش ساکن ویسٹ گوداوری 29 سالہ جی شراون ساکن یوسف گوڑہ کو گرفتار کرلیا جبکہ نقلی تعلیمی سرٹیفکیٹس سربراہ کرنے والا اصل سرغنہ راہول دکشت ساکن ہماچل پردیش اور دو سپلائرس 37 سالہ انم دنیش، 62 سالہ آر رام بھدرا ساکن ایرہ گڈہ مفرور ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے39 نقلی تعلیمی سرٹیفکیٹ جو مختلف یونیورسٹیز کے بتائے گئے ہیں اس کے علاوہ 486 ہولوگرام اسٹیکرس، اسٹامپ، 8 موبائیل فونس، ایک کار اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ پولیس کے مطابق رینوکیش جوگوداوری سے تعلق رکھتا ہے جیالوجی میں ایم ایس سی کے بعد ایک خانگی اسکول میں ٹیچنگ کررہا تھا۔ اس نے اس دوران ہماچل پردیش کے راہول دکشت سے رابطہ کیا جو نقلی تعلیمی سرٹیفکیٹ سربراہ کرتا تھا جو ہماچل پردیش اور ملک کی دیگر ریاستوں کی مختلف یونیورسٹیز کے نقلی تعلیمی سرٹیفکیٹ سربراہ کرتا تھا جس کے بعد رینوکیش نے دیگر دو سپلائرس راما بھدرا راؤ اور انم دنیش سے رابطہ قائم کیا اور نقلی سرٹیفکیٹس سربراہ کرنا شروع کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ رینوکیش نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ اس نے تاحال 40 تا 80 افراد میں سرٹیفکیٹس کو تقسیم کیا اور فی کس نقلی تعلیمی سرٹیفکیٹ پر رینوکیش ایک تا دیڑھ لاکھ روپئے حاصل کرتا تھا۔ پولیس اس ٹولی کے مفرور افراد کو تلاش کررہی ہے۔ع