جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے دو ایرانی گرفتار

   

اسلام آباد : پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے دو ایرانی شہریوں کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی پاکستانی سفری دستاویزات کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دونوں ایرانی شہری جعلی پاسپورٹ کیساتھ متحدہ عرب امارات کی پرواز میں سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔دو ایرانی شہری امیر علی اور عبدالصمد پاکستان سے امارات کی ریاست شارجہ جا رہے تھے کہ انہیں ائیرپورٹ پر روک لیا گیا۔پاکستان کی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پاکستان سے جعلی سفری دستاویزات استعمال کرنے والے دونوں ایرانی شہریوں کو مزید تفتیش کے لیے کراچی میں انسداد انسانی ٹریفکنگ سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔دونوں مشتبہ افراد کے زیر استعمال دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے پاس جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر متحدہ عرب امارات کا سنگل انٹری ٹورسٹ ویزا موجود تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کر کے 10 ایرانی شہریوں کو گرفتار کیا تھا۔