احمدآباد میں گرفتاری۔ ہندو نوجوان کا مسلم نام پر پاسپورٹ بنانے والے ایجنٹ کی تلاش
احمد آباد: امریکہ میں غیر قانونی پناہ گزینوں کے خلاف جاری سخت کارروائی کے دوران ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ہندو نوجوان نے مسلم نام سے جعلی پاسپورٹ بنا کر امریکہ جانے کی کوشش کی، مگر امریکی حکام نے اسے ہوائی اڈے پر ہی گرفتار کرکے بھارت واپس بھیج دیا ۔ گجرات کے گاندھی نگر ضلع کے کلول کے رہائشی 32 سالہ جگنیش پٹیل نے اپنا نام وسیم خلیل رکھ کر جعلی پاسپورٹ بنوایا اور امریکہ جانے کی کوشش کی۔ جگنیش 3 فروری کو دہلی ایئرپورٹ سے ایئر کینیڈا کی فلائٹ کے ذریعے کینیڈا پہنچا اور وہاں سے امریکہ داخل ہوا، مگر امریکی حکام کی سخت چیکنگ کے دوران اس کا فراڈ پکڑا گیا۔امریکی حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جگنیش عرف وسیم کو ڈی پورٹ کردیا۔ وہ پہلے پانامہ گیا، پھر وہاں سے دہلی پہنچا اور بعد میں ایئر انڈیا کی فلائٹ کے ذریعے احمد آباد پہنچا، جہاں پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ جگنیش کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 319(2) اور پاسپورٹ ایکٹ کی دفعہ 12(4) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایس او جی اسپیشل آپریشن گروپ نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس بات کی چھان بین کی جا رہی ہے کہ جگنیش کو وسیم خلیل کے نام سے پاسپورٹ حاصل کرنے میں کس ایجنٹ نے مدد کی، اس نے کتنے پیسے لیے اور امریکہ پہنچنے کے لیے کیا ڈیل ہوئی۔حکام کے مطابق جلد ہی اس ایجنٹ کو بھی گرفتار کیا جائے گا جو اس غیر قانونی کام میں ملوث ہے۔