جـرائم وحـادثـات

   

قاضی پورہ میں حقہ پارلر بے نقاب، مالکین اور گاہک گرفتار
حیدرآباد۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) ساوتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے شاہ علی بنڈہ کے علاقہ میں حقہ پارلر پر دھاوا کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق سید یونس اللہ جو حقہ پارلر سید ضمیر اللہ کے ساتھ پارٹنرشپ میں قاضی پورہ میں ایک مکان میں غیر قانونی طور پر چلا رہے تھے اطلاع ملنے پر دھاوا کرتے ہوئے دونوں مالکین حقہ سنٹر کے علاوہ تین گاہک محمد امجد، محمد احمد اور محمد عبدالرحمن کو بھی گرفتار کرکے پولیس کے حوالہ کردیا۔ ش

دو کم عمر موٹر سائیکل سارقین گرفتار ، حسینی علم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /12 مارچ ( سیاست نیوز ) حسینی علم پولیس نے دو کم عمر موٹر سائیکل سارقوں کو حراست میں لے لیا ۔ اور ان کے قبضہ سے مسروقہ 5 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا۔ پولیس حسینی علم کے مطابق عاشورخانہ پہونچ کر محلہ کے ساکن اعجاز جو الیکٹرسٹی ڈپارٹمنٹ کا ملازم ہے کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا اور کارروائی میں مصروف تھی کہ اس دوران ان دونوں کم عمر سارقوں کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی گئی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 5 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا ۔ انہوں نے چارمینار ، مغل پورہ ، میرپیٹ اور حسینی علم پولیس حدود میں وارداتیں انجام دی تھیں۔ ع

چارمینار پولیس نے ایک سازش کو ناکام بنادیا ہتھیار کے ساتھ ایک شخص گرفتار
حیدرآباد /12 مارچ ( سیاست نیوز ) چارمینار پولیس نے ایک سازش کو ناکام بناتے ہوئے ہتھیار کے ساتھ ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون سنہا مہرا کے مطابق 22 سالہ رام سوروپ ساکن شیارام پیٹ منگل ہاٹ ، متوطن بلوترا اینڈ برمار ضلع راجستھان کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے ایک دیسی ساختہ بندوق اور پانچ راؤنڈ کارتوس کو ضبط کرلیا ۔ اس کے خلاف جے رام دیواس ڈائرکٹر ایم ایس راجہ لکشمی ٹکسٹائلز انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ رکاب گنج نے شکایت درج کروائی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ رام سوروپ اس کمپنی میں کیاشر اور بلنگ آپریٹر تھا ۔ جس نے کمپنی کے 70 لاکھ روپیوں کا حساب غبن کیا ۔ پولیس تفتیش میں رام سوروپ نے بتایا کہ اس نے راجستھان میں رام نامی شخص سے 40 ہزار روپئے میں دیسی ساختہ بندوق خریدا تھا ۔ ع

پی ڈی ایس چاول کی غیر قانونی منتقلی کے ریاکٹ کا پردہ فاش
حیدرآباد /12 مارچ ( سیاست نیوز ) عطاپور پولیس نے پی ڈی ایس چاول کی غیر قانونی منتقلی کے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور ایک شخص 21 سالہ سنتوش کمار ساکن آدرش نگر آرام گھر کو گرفتار کرلیا ۔ ایک اطلاع پر عطاپور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سنتوش کمار کو گرفتار کرلیا۔ جو پی ڈی ایس چاول کے ذخیرہ کو ایک گاڑی میں عطاپور سے آرام گھر منتقل کر رہا تھا ۔ اشوک لی لینڈ گاڑی کو بھی پولیس نے ضبط کرلیا ۔ جس میں 40 بیاگ چاول 1600 کیلو اور 20 بیاگ گیہوں 800 کیلو پائے گئے ۔ عوامی تقسیمی نظام کے ان چاول کو کم قیمت میں خرید کر زائد قیمت میں فروخت کیا جارہا تھا ۔ پولیس اس نٹ ورک کے متعلق مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ سنتوش کمار معین نامی شخص کے ساتھ کاروبار کرتا تھا ۔ ع