جــرائــم و حــادثـات

   

کنچن باغ میں معمولی بات پر ایک شخص کا قتل
مقتول دل کے مریض تھے ، شہریوں کا اظہار افسوس، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /13 مارچ ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ میں دوران رمضان قتل کی دوسری واردات پیش آئی ۔ جہاں معمولی بات پر بحث و تکرار کے بعد جھگڑا میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ جن کی شناخت ذاکر خان کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ یہ واقعہ کل رات دیر گئے کنچن باغ پولیس حدود کے حافظ بابا نگر سی بلاک میں پیش آیا ۔ 53 سالہ ذاکر حسین حافظ بابا نگر سی بلاک کے ساکن تھے ۔ جو پیشہ سے کرانہ دکان چلاتے تھے ۔ ان کا ان کے کاروباری پڑوسیوں سے معمولی بات پر جھگڑا ہوا اور جھگڑے کے دوران ذاکر خان پر حملہ کیا گیا اور مبینہ مارپیٹ کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں دھکہ دے دیا گیا جس کے سبب وہ نیچے گرپڑے اور انتقال ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ذاکر خان پر حملہ کرنے کے بعد فہیم اور عظیم نے ذاکر خان کے بیٹوں پر بھی حملہ کیا ۔ ذاکر خان دل کے مریض تھے اور ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی اور اس دوران حملہ کے سبب ان کی موت واقع ہونے کے شبہات کا پولیس اظہار کر رہی ہے ۔ ذاکر خان کی عمر اور پڑوسی ہونے کے بات کو بھی فراموش کردیا گیا اور رمضان المبارک کا خیال کئے بغیر معمولی بات پر جھگڑے کو ہوا دی گئی اور یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا ۔ شہریوں نے اس سنگین قتل کی واردات پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ کنچن باغ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع

ساڑھے چار سالہ بچہ لفٹ کی
گرل میں پھنس پر فوت
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے علاقہ سنتوش نگر کالونی کے مجتبیٰ اپارٹمنٹ میں ساڑھے چار سالہ بچہ لفٹ حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق شیام بہادر سیکوریٹی گارڈ کا ساڑھے چار سالہ بیٹا سریندر جولفٹ کے قریب کھیل رہا تھا کہ اچانک لفٹ کی گرل میں پھنس گیا تھا جب اس کے والد ین اسے ڈھونڈ رہے تھے تو وہ لفٹ میں زخمی حالت میں بے ہوش پایا گیا جسے فوری دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ اسے مردہ قرار دیا۔ سریندر کے والدین بہتر روزگار کی تلاش میں سات ماہ قبل نیپال سے حیدرآباد منتقل ہوئے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ ش

بیوی کو قتل کرنے کے بعد شوہر کی پولیس میں خودسپردگی
حیدرآباد /13 مارچ ( سیاست نیوز ) بیوی کے کردار پر شبہ سے تنگ آکر ایک شخص نے بیوی کا قتل کرنے کے بعد پولیس میں خود سپردگی اختیار کرلی ۔ بورا بنڈہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 48 سالہ پدما اس کے شوہر نریندر کے ہاتھوں ہلاک ہوگئی ۔ نریندر اکثر بیوی کے کردار پر شک کرتا تھا ۔ اور ان دونوں میں اس بات پر جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ دونوں میاں بیوی راجیو گاندھی نگر سائیٹ III میں رہتے تھے ۔ ان کے دو بچے ہیں۔ لڑکی امریکہ میں رہتی ہے اور لڑکا دہلی میں ٹرپل آئی ٹی ٹی پڑھائی کر رہا ہے ۔ نریندر پیشہ سے دودھ کا کاروبار کرتا ہے ۔ نریندر کو بیوی کے کردار پر شک تھا ۔ اور بیوی پر ناجائز تعلقات کے الزامات لگاکر اس سے اکثر جھگڑا کرتا تھا ۔ کل رات بھی دونوں میں جھگڑا ہوا اور جھگڑے کے بعد نریندر نے بیوی کا گلا گھونٹ کر اس کا قتل کردیا اور پولیس میں خودسپردگی اختیار کرلی ۔ع

مشیر آباد میں پلاسٹک کے گودام میں زور دار دھماکہ ‘ ایک زخمی
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے علاقہ مشیرآباد میں پلاسٹک کے گودام میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق بھولکپور گلشن نگر میں ایک پلاسٹک کے گودام میں اس وقت دھماکہ ہوا جب 28 سالہ اسحاق احمد متوطن بہار پلاسٹک کی اشیاء کو توڑ رہا تھا کہ ایک کیمیکل کا ڈبہ پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں اسحاق احمد زخمی ہوگیا جسے مقامی عوام نے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا۔ مشیرآباد پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقام پر پہنچ گئے اور ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ش

شادی شدہ عاشق کی دھوکہ دہی کا شکار ، لڑکی کی پولیس میں شکایت
حیدرآباد /13 مارچ ( سیاست نیوز ) شادی شدہ عاشق کی دھوکہ دہی کا شکار لڑکی نے پولیس میں شکایت کردی ۔ شادی کا وعدہ کرتے ہوئے جنسی طور پر استعمال کرنے اور خواہش کی تکمیل کے بعد عاشق نے دھوکہ دیا اور شادی کیلئے محبوبہ کی جانب سے دباؤ پر اپنے شادی شدہ ہونے اور بچوں کا ذکر کیا ۔ اس بات سے دھوکہ دہی کا شکار لڑکی نے مدھورا نگر پولیس میں شکایت کردی ۔ خوبصورت بیوی اور پھول جیسے بچوں کو رکھتے ہوئے 30 سالہ شام لعل نے لڑکی سے شادی کا وعدہ کیا ۔ اپنی شادی شدہ زندگی اور بیوی بچوں کو راز میں رکھتے ہوئے شام لعل نے جو بیوٹک سنٹر چلاتا ہے ۔ لڑکی سے محبت کا ڈھونگ رچچا اور نوجوان لڑکی سے شادی کا وعدہ کرتے ہوئے اس کا جنسی استحصال کیا ۔ لڑکی سے جنسی خواہش کی تکمیل کے بعد شام لعل نے لڑکی کو بھول جانے کا مشورہ دیا ۔ اور اپنی شادی شدہ زندگی بیوی اور بچوں کی موجودگی کا خلاصہ کیا ۔ لڑکی شام لعل کی بات کے بعد ضد پر اڑ گئی اور شادی شام لعل ہی سے کرنے کا فیصلہ کرلیا اور شام لعل کی دھوکہ دہی کے خلاف پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

ٹیکسٹائیل کمپنی کا ملازم دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) چارمینار پولیس نے ایک ٹیکسٹائیل کمپنی کے ایک ملازم کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا ہے جس پر کمپنی میں 70 لاکھ روپئے کے غبن کا الزام ہے۔ پولیس نے 22 سالہ رام سوروپ کو گرفتار کرکے تفتیش کی تھی پتہ چلا کہ اس نے دیسی ساختہ بندوق اور پانچ راؤنڈ کارتوس خریدا تھا تاکہ جب بھی ضرورت پڑے اسے استعمال کیا جاسکے۔ رام سوروپ راج لکشمی ٹیکسٹائیل میں بکنگ آپریٹر ہے جو منگل ہاٹ کا رہنے والا ہے۔ اس نے یہ دیسی ساختہ بندوق اور کارتوس راجستھان کے موہن رام سے 40 ہزار روپئے میں خریدا۔ اس کے علاوہ رام سوروپ نے دو آئی فونس بھی خریدے جنہیں پولیس نے ضبط کرلیا۔ ساؤتھ زون ڈی سی پی اسنیہا مہرہ کی نگرانی میں کیس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ش

بیٹے نے نشہ کی حالت میں ماں کا قتل کردیا ۔ شمس آباد میں واقعہ
شمس آباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) شمس آباد میونسپل میں واقع رالہ گوڑہ میں ایک درندہ صفت بیٹے نے نشہ کی حالت میں اپنی ماں کا قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 35 سالہ پرکاش جو شراب کا عادی تھا شراب پینے کے بعد اکثر ماں سے جھگڑا کرتا تھا ، کل رات تقریباً 10 بجے وہ نشہ کی حالت میں گھر آیا اور اپنی ماں 55 سالہ چندرا کلا کو لکڑی اور گیس سلینڈر سے حملہ کرکے قتل کردیا۔ اطلاع ملتے ہی شمس آباد آر جی آئی پولیس نے پہنچ کر مقدمہ درج کرکے بیٹے کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ش