جــرائــم و حــادثـات

   

نوجوان کے ہاتھوں ماں کے عاشق کا قتل
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : شہر کے کرمن گھاٹ علاقہ میں اک تاجر کا قتل کردیا گیا ہے ۔ یہ واقعہ اتوار کی رات جانکی انکلیو میں پیش آیا ۔ ایک نوجوان نے فینانسر وینکٹیشورلو کا قتل کردیا ۔ اتوار کی رات تاجر کا اس کی داشتہ کے بیٹے سے جھگڑا ہوا اور خاتون کے بیٹے نے تاجر کا قتل کردیا ۔ معلوم ہوا کہ پون نامی نوجوان نے وینکٹیشورلو پر چاقو سے حملہ کردیا ۔ شدید زخمی تاجر کو عثمانیہ ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ ذرائع کے مطابق تاجر وینکٹیشورلو کے گرواماں نامی خاتون سے ناجائز تعلقات قائم تھے اور کل رات گرواماں کے بیٹے پون اور وینکٹیشورلو کے درمیان جھگڑا ہوا اور پون نے اپنی ماں کے عاشق کا قتل کردیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے ۔۔ ش

آن لائن سرمایہ کاری کا جھانسہ، لاکھوں روپئے لوٹ لئے گئے
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) آن لائن سرمایہ کاری کی ترغیب اور آئیڈیا فراہم کرنے کے نام پر ایک شہری کے لاکھوں روپئے لوٹ لئے گئے۔ سائبر کرائم پولیس حیدرآباد نے ایک شہری کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے نوئیڈا سے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا۔ شکایت گذار کا تعلق حیدرآباد سے بتایا گیا ہے جس کے 14,63,046 روپئے لوٹ لئے گئے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں دھوکہ باز 27 سالہ شیوا شنکر ساکن گوتم بودھا نگر اترپردیش کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار دھوکہ باز سائبر دھوکہ بازاروں کے بینک کھاتوں کو ہولڈ کرتا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ آن لائن اسٹاک انوسٹمنٹ کے آئیڈیا فراہم کرنے کے نام پر دھوکہ بازوں نے دھوکہ دہی کا شکار شخص سے آن لائن رابطہ کیا اور اسٹاک میں انوسٹمنٹ کے لئے آئیڈیا فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور ایک لنک روانہ کرتے ہوئے اسٹاک میں سرمایہ کی ترغیب دی جس کے بعد انھوں نے شکایت گذار کو اپنے جال میں پھانس لیا اور بڑی رقم کی سرمایہ کاری کروائی جس کے بعد شکایت گذار کو 20 فیصد سے زائد کے منافع کا لالچ دیا لیکن یہ فائدہ صرف زبانی تھا۔ جب شکایت گذار نے رقم نکالنے کی کوشش کی تو اس کے اکاؤنٹ سے رقم ڈرا نہیں ہورہی تھی بلکہ مزید رقم جمع کرنے کے لئے دباؤ ڈالا جارہا تھا۔ اس بات سے شکایت گذار کو دھوکہ دہی کا یقین ہوگیا اور اس نے سائبر کرائم سے شکایت کی۔ پولیس نے دھوکہ باز کو نوئیڈا کے علاقہ سے گرفتار کرلیا۔ ع

محبت میں ناکامی، سافٹ ویئر ملازم کی خودکشی
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) محبت میں ناکامی سے دلبرداشتہ ایک سافٹ ویئر ملازم نے خودکشی کرلی۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 25 سالہ مہندر نے خودکشی کرلی۔ مہندر ہائی ٹیک سٹی میں واقع ایک سافٹ ویر فرم میں کام کرتا تھا جو مینس ہاسٹل میں رہتا تھا۔ مہندر ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا اور اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ لیکن ان دنوں لڑکی کی شادی کسی اور سے کردی گئی۔ اس بات سے دلبرداشتہ مہندر نے انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس کے پی ایچ بی نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع

شہر میں جرمن خاتون کی عصمت ریزی کا سنسنی خیز واقعہ
مختلف زاویوں سے پولیس کی تحقیقات
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ایک جرمن خاتون کی مبینہ عصمت ریزی کا واقعہ منظر عام پر آیا۔ اپنے ایک ساتھی کی تقریب میں شرکت کیلئے شہر کو آئی اس جرمن خاتون کی عصمت ریزی کی گئی۔ شکایت کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے اس واقعہ کی شکایت میرپیٹ پولیس میں کی گئی۔ بعدازیں میرپیٹ پولیس نے اس مقدمہ کو پہاڑی شریف پولیس کو منتقل کردیا۔ باثوق ذرائع کے مطابق کیاب ڈرائیور کی شناخت کرلی گئی۔ تاہم اس کی تصدیق نہیں کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق جرمن خاتون اپنے ساتھیوں کے ساتھ نکلی تھی جس کے ساتھ ایک سنسان علاقہ میں ڈرائیور نے بدسلوکی کی اور عصمت ریزی کی۔ کسی طرح سے اپنے آپ کو بچاکر خاتون پولیس اسٹیشن پہونچی۔ اس واقعہ کے مختلف پہلو بیان کئے جارہے ہیں۔ ایک پہلو یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی نہیں ہوئی بلکہ خاتون اپنے ساتھیوں کے ساتھ تفریح پر نکلی تھی اور سیلف ڈرائیو پر کار لی گئی اور ڈرائیور بھی موجود تھا۔ ساتھیوں سے کچھ وقت کے لئے خاتون تنہا چلی گئی اور اس کے بعد واپس لوٹی اور پولیس اسٹیشن میں عصمت ریزی کی شکایت درج کروائی۔ جبکہ ایک اور پہلو میں یہ بتایا گیا ہے کہ خاتون تنہا تھی، اس نے لفٹ مانگی اور کار والے نے اس جرمن خاتون کو لفٹ دیا۔ کار میں پہلے ہی سے چند افراد موجود تھے۔ کنچن باغ علاقہ سے لفٹ دینے کے بعد خاتون کو پہاڑی شریف کے علاقہ میں لے گئے اور ایک سنسان سڑک پر خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی۔ خاتون نے جان بچاکر پولیس اسٹیشن کا رُخ کیا اور شکایت کی۔ اس سلسلہ میں پہاری شریف پولیس نے کچھ بھی بتانے سے انکار کردیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع

19 سالہ لڑکے کو 20 سال قید کی سزا
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد میں 19 سالہ لڑکے کو 20 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ ایل بی نگر کی فاسٹ ٹریک عدالت نے سال 2023 ء کے ایک پاکسو مقدمہ میں یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 19 سالہ کے مہیش عرف بنّی ساکن دوارکا پورم کو 20 سال قید کی سزا اور 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔ مہیش پیشہ سے لیبر تھا۔ اس پر ایک کم عمر لڑکی کی عصمت ریزی کا الزام تھا۔ پڑوس میں رہنے والی کم عمر لڑکی کی تنہائی کا فائدہ اُٹھاکر مہیش نے اس کی عصمت ریزی کی تھی۔ اس کی شکایت کے بعد پولیس چیتنیہ پوری نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور ملزم کے خلاف تمام ثبوت اور گواہوں پر مشتمل چار شیٹ عدالت میں پیش کی جس پر عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے متاثرہ لڑکی کیلئے 5 لاکھ روپئے معاوضہ مقرر کیا۔ع

شاہ علی بنڈہ میں سڑک حادثہ، ایک شخص زخمی ، بے ہنگم ٹریفک اور غلط پارکنگ حادثہ کی وجہ
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں تجارتی سرگرمیاں اب ٹریفک حادثات کا بھی سبب بن رہی ہیں۔ غیر سماجی سرگرمیوں، گروارہ تصادم، جھگڑے اور اب ٹریفک حادثات سے شہریوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں شاہ علی بنڈہ حدود میں سڑک حادثہ پیش آیا جہاں ایک شہری بُری طرح زخمی ہوگیا جس کے ایک پیر میں فریکچر آگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دو موٹر سائیکلوں کے ایک دوسرے سے تصادم کے سبب یہ حادثہ پیش آیا اور یہ حادثہ ایک ہوٹل کے قریب پیش آیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق حادثہ کی اصل وجہ غیر مجاز پارکنگ اور ٹریفک مسئلہ ہے۔ ہوٹل چونکہ رات بھر بلکہ صبح کے اوقات تک بند ہی نہیں ہوتی، اس ہوٹل کی تجارتی سرگرمیوں سے آئے دن مشکلات پیش آرہی ہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں تک بھی ہوٹل میں کاروباری سرگرمیاں جاری تھیں اور آئے دن اس ہوٹل کے تعلق سے کچھ نہ کچھ شکایت عام بات ہے۔ ارباب مجاز بالخصوص پولیس کو اس سنگین مسئلہ کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ہوٹل اپنے وقت کے حساب سے کھولی اور بند کی جائے تو شاید اس طرح کے حالات سے بچا جاسکتا ہے۔ شہریوں نے پولیس کمشنر سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسے واقعات اور کاروباری سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے مؤثر اقدامات کریں۔ع

ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے مارچ میں 65 دھاوے
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( پریس نوٹ ) ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے مارچ کے مہینے میں کل 65 دھاوے کئے جو ادویات کے معیار سے متعلق مختلف جرائم سے متعلق ہیں۔ پکڑے جانے والوں میں جعلی ادویات کے ریاکٹ کا پردہ فاش کیا گیا جبکہ گمراہ کن اشتہارات ، بغیر لائسنس کے میڈیکل شاپس/ ادویات کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور فروخت ، کواکس ،نقلی فروخت ہونے والی دوائیں اور معیاد ختم ہونے والی دوائیں، فزیشنز اور ادویات کے معیاری نمونے شامل ہیں۔ڈی سی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خریداری سے پہلے میڈیکل شاپس کے ڈرگ لائسنس کی تصدیق کریں۔
مارچ 2024 میں کئے گئے دھاووں کے دوران ڈی سی اے نے 3.03 لاکھ روپے کی ادویات کا ذخیرہ ضبط کیا تھا۔ ڈی سی اے لیبارٹری نے جن دوائیوں کو معیار کی نہیں قرار دیا تھا ان میں اینٹی بائیوٹکس، اینٹی السر دوائیں، اینٹی ہیلمینٹک اور اینٹی پروٹوزول دوائیں وغیرہ شامل ہیں۔