جـــرائـــم و حـــادثــات

   

حسینی علم میں سڑک حادثہ، نوجوان جاں بحق
حیدرآباد /16 اپریل ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ حسینی علم حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 33 سالہ امتیاز حسین ہاشمی فوت ہوگئے ۔ متوفی پنچ محلہ علاقہ کے ساکن بشارت حسین ہاشمی کے فرزند تھے۔ جو کل رات اپنے افراد خاندن کے ہمراہ کار میں جارہے تھے کہ کار سٹی کالج کے قریب حادثہ کا شکار ہوکر روڈ ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی ۔ اس حادثہ میں شدید زخمی امتیاز حسینی ہاشمی کو فوری چادرگھاٹ میں واقع کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ امتیاز حسین ہاشمی دوبئی میں بزنس کرتے تھے جو چند روز قبل اپنے چھوٹے بھائی کی شادی کے سلسلہ میں حیدرآباد آئے ہوئے تھے ۔ حسینی علم پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

واٹر ٹینک سے گرنے پر ایک شخص ہلاک
حیدرآباد /16 اپریل ( سیاست نیوز) واٹر ٹینک سے گرکر ایک شخص فوت ہوگیا جو واٹر ٹینکر پر چڑھ کر آم توڑنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ گڈی ملکاپور حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 35 سالہ کشور عرف چنا پانی کے ٹینکر سے گرکر فوت ہوگیا ۔ چنا اکثر واٹر ورکس کے دفتر آیا کرتا تھا ۔ اس دفتر میں چنا کا رشتہ دار ارون کام کرتا ہے ۔ ارون اپنے کام میں مصروف تھا کہ چنا واٹر ٹینکر پر چڑھ گیا اور حادثاتی طور پر گرپڑا ۔ بلندی سے گرنے کے سبب سر پر گہرے زخم آئے اور اس حادثہ میں فوت ہوگیا ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ چنا آم توڑنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

کڑپہ میں نوجوان کا بہیمانہ قتل
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش کے کڑپہ میں منگل کی رات ایک نوجوان کو فلمی انداز میں گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق شیخ صادق ولی 32 سالہ جو میوہ فروش تھا ۔ سابق میں وینکٹیش نامی شخص کے قتل میں وہ ملوث تھا جس کے بعد اس کی دشمنی پیدا ہوگئی تھی منگل کی رات وہ بیلٹ اپ جنکشن کے قریب سے گزر رہا تھا چند نامعلوم افراد نے اسے پکڑ کر سڑک کے کنارے لے گئے اور چاقوؤں سے حملہ کر کے گلا کاٹ دیا جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ۔ نامعلوم قاتل مقام سے فرار ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی وینکٹیشورلو مقام پر پہنچے اور مقدمہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے قاتلوں کی شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ نعش کو سرکاری دواخانہ منتقل کردیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ پرانی دشمنی کی وجہ سے قتل ہوا ہے اور بہت جلد قاتلوں کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔۔ ش

گچی باؤلی میں
موٹر سائیکل جلکر خاکستر
حیدرآباد /16 اپریل ( سیاست نیوز ) گچی باؤلی کے علاقہ میں ایک موٹر سائیکل جلکر خاکستر ہوگئی ۔ تاہم موٹر سائیکل سوار کی چوکسی سے جانی نقصان سے بچنے کا سبب بن گئی ۔ گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آئے اس حادثہ میں موٹر سائیکل سوار بچ گیا ۔ جبکہ گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ علاقہ کے ساکن سید کل موٹر سائیکل پر اپنے مکان سے آفس کیلئے جارہا تھا ۔ سید پیشہ سے سافٹ ویر ملازم ہے ۔ جس کا آبائی مقام نندیال بتایا گیا ہے۔ سید کوکٹ پلی سے برائے گچی باؤلی آفس جارہا تھا کہ گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کے قریب اچانک انجن سے دھواں نکلنے لگا ۔ سید نے گاڑی فوری روک دیا اور موٹر سائیکل سے اتر کر دھوان نکلنے کی وجہ دریافت کرنے لگا کہ اس دوران انجن سے آگ بھڑک اٹھی اور گاڑی شعلہ پوش ہوگئی اور گاڑی تباہ ہوگئی ۔ع

منشیات کا ریاکٹ بے نقاب، یو پی کے سابقہ چیف سکریٹری کا بیٹا پکڑا گیا ،منشیات ضبط ، پولیس مزید مصروف تحقیقات
حیدرآباد /16 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر میں منشیات کے ایک اور ریاکٹ کو پولیس نے بے نقاب کردیا تاہم منشیات کے اس نٹ ورک کا پولیس کو پتہ نہیں چلا جس میں ایک سابقہ چیف سکریٹری کا بیٹا پکڑا گیا ۔ خاطی شخص کی شناخت اترپردیش ریاست کے سابقہ چیف سکریٹری کے فرزند کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ پولیس نے اس کی شناخت کو ظاہر نہیں کیا جبکہ فوری تحویل میں لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ شہر میں بڑے پیمانے پر جاری کارروائیوں اور سخت اقدامات کے باوجود اس طرح کے واقعات کا پیش آنا تشویش کا سبب بنا ہوا ہے ۔ حالانکہ تلنگانہ کو منشیات سے پاک ریاست بنانے کیلئے چیف منسٹر نے عزم کیا ہے۔ اور اس کیلئے باضابطہ ایک خصوصی شعبہ کام کر رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گچی باؤلی کے علاقہ میں واقع سارت سٹی مال میں کی گئی کارروائی میں پولیس نے اس شخص کو گرفتار کرلیا اور بڑی مقدار میں اس کے قبضہ سے منشیات کو ضبط کرلیا۔ نارکوٹک شعبہ کو ایک خفیہ اطلاع حاصل ہوئی جس کے بعد پولیس کی بھاری جمعیت نے سادہ لباس میں سارت سٹی مال پہونچکر مال کو عملاً اپنے محاصرہ میں لے لیا تھا اور اس شخص پر نظر رکھی گئی اور ایک کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جارہا تھا ۔ اس دوران سابقہ سی ایس کا فرزند مشتبہ انداز میں پایا گیا اور پولیس نے اس کی جانچ کے بعد تحویل میں لے لیا اور منشیات کی خریداری اور فروخت کے متعلق نٹ ورک کا پتہ چلایا جارہا ہے ۔ ع

پب میں قابل اعتراض ڈانس، 16 لڑکیاں گرفتار
حیدرآباد /16 اپریل ( سیاست نیوز ) پب میں لڑکیوں کے قابل اعتراض رقص اور سرگرمیوں کا جائزہ لے رہی پولیس نے ایک نیا انکشاف کیا ہے ۔وائیلاہیراٹس پب میں کل کی گئی کارروائیوں کے دوران پولیس نے 16 لڑکیوں کو پکڑ لیا تھا ۔ جو پب میں قابل اعتراض ڈانس کر رہی تھیں ۔ دراصل ان لڑکیوں کو گراہکوں کو راغب کرنے کیلئے رکھا گیا تھا ۔پولیس تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ لڑکیوں کو صرف اپنے ڈانس اور اداروں سے گراہکوں کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ شراب پلانے اور گراہک سے زیادہ بل کروانے کے ٹاسک پر رکھا گیا تھا اور لڑکیوں کو زیادہ بل کروانے پر انعامات بھی دئیے جاتے تھے ۔ اس پب میں کوئی انٹری فیس بھی نہیں رکھی گئی تھی ۔ جو گرین ہلز کالونی میں قائم کیا گیا تھا ۔ ایس آر ٹی کے دھاوے کے بعد پب کا اونر رامو اور منیجر سنتوش فرار ہیں ۔ پولیس انہیں گرفتار کرنے کی کوششوں میں جٹ گئی ہے ۔ مختلف علاقوں سے لڑکیوں کو منتقل کرتے ہوئے انہیں اس بات کی تربیت دی گئی تھی کہ گراہک کو اپنی جانب راغب کیا جائے اور ان سے زیادہ سے زیادہ بل کروایا جائے اور کئی گراہک لڑکیوں کے عادی بن گئی تھے ۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ ع

خاتون کا علاج کرنے کے نام پر نقلی بابا نے 7 لاکھ 40 ہزار روپئے ہڑپ لیا
حیدرآباد /16 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد کے علاقہ نارائن گوڑہ میں ایک نقلی بابا نے ایک خاتون کو علاج کے نام پر دھوکہ دیتے ہوئے 7 لاکھ 40 ہزار روپئے ہڑپ لیا ۔ تفصیلات کے مطابق نارائن گڈہ کے سائی نگر روڈ نمبر 3 میں رہنے والی انوشا نامی خاتون کے گھر ڈسمبر 2023 میں ایک بابا آیا اور اس نے دعوی کیا کہ وہ اس کے گھر میں موجود تمام بلاؤں کو دور کردے گا ۔ جس کے بعد اس کی تمام پریشانیاں دور ہوجائیں گی ۔ انوشا اس نقلی بابا کی باتوں میں آگئی اور 1500 روپئے دئے ۔ اس کے چند دنوں بعد اس نقلی بابا نے انوشا کو فون کرتے ہوئے کہاکہ اس کے شوہر اور بچوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے جس کیلئے خصوصی پوجا کرنی پڑے گی۔ جس پر انوشا نے پھر ایک مرتبہ بھروسہ کرتے ہوئے 35 ہزار روپئے ادا کئے ۔ جس کے چند دنوں کے بعد بابا نے اس سے رابطہ کیا اور خصوصی پوجا کے نام پر دوبارہ 2.70 لاکھ روپئے طلب کیا اور اس نے یہ رقم بھی ادا کردی ۔ نقلی بابا اوشا کو ہر چند دن بعد پوجا کرنے کے نام پر مسلسل رقم حاصل کرتا رہا ۔ نقلی بابا کو جملہ 7 لاکھ 40 ہزار روپئے ادا کئے ۔ اس کے باوجود اس کی پریشانیاں ختم نہیں ہو رہی تھیں جس کے بعد انوشا نے نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ۔ ش

شمس آباد میں ایکٹیوا میں
اچانک آگ
شمس آباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میونسپل میں ایک ایکٹیوا گاڑی میں اچانک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق بس اسٹاپ کے قریب ایک ٹھہری ہوئی ایکٹیوا 6G گاڑی میں اچانک آگ لگی اور پوری گاڑی جل کر خاکستر ہوئی ۔ مقامی افراد نے آگ کو بجھادیا ۔ اس اتفاقی حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ش