جـــرائـــم و حـــادثــات

   

باجوپلی کے رہائشی اپارٹمنٹ میں آتشزدگی ، دوسری منزل سے چھلانگ پر ایک شخص زخمی
فائر فائٹرس نے 30 سے زائد خاندانوں کو بچایا ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /18 جون ( سیاست نیوز ) باچوپلی میں چہارشنبہ کی صبح ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ۔ فائر فائٹرز نے مقام پر پہونچ کر 30 سے زائد خاندانوں کی جان بچائی ۔ آگ لگنے پر ایک شخص نے گھبراکر دوسری منزل سے چھلانگ لگانے سے وہ زخمی ہوگیا ۔ جسے دواخانہ منتقل کردیاگیا ۔ مدھیلا نگر میں واقع ہل ٹاپ ٹاور کی پانچ منزلہ عمارت کے پہلے فلیٹ میں سب سے پہلے صبح 3.30 بجے آگ لگی تو دوسری منزل سے لوگ چھت پر گئے اور خاندان کے افراد کو سیڑھیوں سے گراؤنڈ فلور پر بحفاظت لے آئے ۔ کوکٹ پلی فائر آفیسر جگن موہن نے کہا ۔ ابتدائی طور پر گھنے دھوئیں کی وجہ سے لوگ چھت پر پہونچ گئے اور باہر آنے میں خوف محسوس کیا تاہم انہیں سمجھاکر گراؤنڈ فلور پر لے کر آئے ۔ آگ کو دوسری منزل پہونچنے سے رکونے کے تمام اقدامات کئے ۔ تلنگانہ انٹیگریٹیڈ اینڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر کے ڈائرکٹر وی بی کملاسن ریڈی نے کہا کہ آگ لگنے کے دو حادثات پیش آئے ۔ ایک باچوپلی میں صبح 3.30 بجے اور دوسرا کریم نگر میں صبح 3.51 بجے ہوا ۔ ایمرجنسی رسپانس سیورٹ سسٹم کی جانب سے تیز اور مضبوط کوششوں کی وجہ سے کامیابی کے ساتھ قابو پالیا گیا ۔ دونوں مقامات پر اے سی یونٹ میں برقی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا ۔ باچوپلی میں ایک شخص نے چھلانگ لگائی تھی دیگر تمام کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ۔ ش

بین ریاستی گانجہ منتقل کرنے والا اور دیگر افراد گرفتار
ٹاسک فورس اور مانصاحب ٹینک پولیس کی مشترکہ کارروائی
حیدرآباد /18 جون ( سیاست نیوز ) کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے مانصاحب ٹینک پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں ایک بین ریاستی گانجہ منتقل کرنے والے شخص کے علاوہ 7 دیگر افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 22 سالہ محمد فیضان ساکن مانصاحب ٹینک، 25 سالہ وائی نوید ساکن جیڈی میٹلہ متوطن سریکاکلم، 22 سالہ کے ویرا چاری ساکن جیڈی میٹلہ، 20 سالہ سام اجئے کمار ساکن گاجولہ رامارم، 20 سالہ ویملولہ پرشت ساکن آئی ڈی پی اے 20 سالہ محمد سمیر ساکن گاندھی نگر 20 سالہ سام وجئے کمار ساکن گاجولہ رامارم ،35 سالہ سید مرتضی علی حسین ساکن مانصاحب ٹینک علاقہ سے چار افراد کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیکر ان کی تلاشی لی گئی اور ان کے قبضہ سے حشش آئیل اور چرس برآمد کی گئی اور ان کے قبضہ سے پولیس نے خنجر بھی ضبط کرلئے ۔ پولیس ان چار افراد کی مکمل تحقیقات کے بعد چار کو گرفتار کرلیا جو ایک خاتون نوید سے جو چنتل علاقہ کی ساکن ہے منشیات کی خریداری کرتے ہوئے فروخت کر رہے تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 2 لاکھ 25 ہزار روپئے مالیتی حشش آئیل، 175 گرام گانجہ ،2 خنجر، تین موٹر سائیکل، 8 موبائل فون و دیگر 6,50,000 روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ع+

ڈبل بیڈروم مکانات فراہمی کا جھانسہ دینے والی ٹولی کا پردہ فاش
چار افراد گرفتار ، ٹاسک فورس کی کارروائی ، ڈی سی پی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /18 جون ( سیاست نیوز ) شہر میں ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کرنے کاجھانسہ دیکر عوام سے لاکھوں روپئے لوٹنے والی ایک ٹولی کا ٹاسک فورس پولیس نے پردہ فاش کردیا ۔ کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون اور بنڈلہ گوڑہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس وائی وی ایس سدھیرا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 25 سالہ محمد احمد جو اس ٹولی کا اصل سرغنہ ہے ۔ 21 سالہ محمد امجد ، 33 سالہ کے راج کمار ریڈی ساکنان بنڈلہ گوڑہ اور 32 سالہ میرکوثر علی عرف سراج ساکن موتی دروازہ گولکنڈہ کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی ٹاسک فورس نے بتایا کہ ان کے قبضہ سے گیارہ فرضی الاٹ منٹ آرڈر، 6 اسٹامپس، 4 سیل فون اور 5 لاکھ 50 ہزار روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ احمد جو اس ٹولی کا اصل سرغنہ ہے پیشہ سے الیکٹریشن ہے اس نے کام کے سلسلہ میں بنڈلہ گوڑہ میں زیر تعمیر ڈبل بیڈروم مکانات کا رخ کیا اور ان مکانات کو دیکھ کر منصوبہ تیار کیا اور راجو کے سا تھ مل کر سازش تیار کی اور اپنے رشتہ داروں کو اس سازش میں شامل کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی نے تقریباً 25 تا 30 افراد کو دھوکہ دیا اور اصل آلاٹ منٹ لیٹر کے ساتھ خصوصی ایپ کے ذریعہ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اصل افراد کا نام کو مٹاکر جن سے رقم لی گئی تھی ان کے نام درج کرتے ہوئے انہیں فرضی الاٹمنٹ لیٹر فراہم کرتے تھے اور انہیں یقین دلانے کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات کا معائنہ کروایا کرتے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ ان دھوکہ بازوں نے اکثر اپنی جان پہچان والے افراد کے ساتھ دغہ بازی کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا ۔ ان کے خلاف 6 پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج ہیں۔ ع

بدعنوان خاتون اسسٹنٹ انجینئر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
حیدرآباد /18 جون ( سیاست نیوز ) چرلہ پلی ڈیویژن میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل پر رشوت طلب کرنے والی ایک خاتون بدعنوان عہدیدار کو اے سی بی نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق انجینئیرنگ شعبہ سے تعلق رکھنے والی اے ای سورپا کو ایک لاکھ 20 ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اے ای سروپا نے کنٹراکٹر رامی ریڈی سے رشوت کا مطالبہ کیا تھا ۔ زیر التواء بلز کی منظوری کیلئے اے ای نے کنٹراکٹرسے رشوت کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس ڈیویژن میں 28.50 لاکھ کی لاگت سے سی سی روڈ کی تعمیر کے ٹنڈر طلب کئے گئے تھے اور رامی ریڈی نے ٹنڈر حاصل کرتے ہوئے تعمیراتی کام کو انجام دیا اور ڈھائی لاکھ روپئے کیلئے دفتر کے چکر کاٹ رہا تھا۔ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اے سی بی نے اے ای کو گرفتار کرلیا ۔ ع

بنگلور سے منشیات منتقل کرنے والے آٹھ افراد گرفتار
حیدرآباد /18 جون ( سیاست نیوز ) اسپیشل ٹاسک فورس ٹیم نے دو علحدہ کارروائیوں میں 8 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جن میں دو افراد بنگلور سے منشیات حیدرآباد منتقل کر رہے تھے ۔ ایس ٹی ایف نے ان کے قبضہ سے 6.34 گرم ایم ڈی ایم اے کو ضبط کرلیا ۔ جبکہ دوسری کارروائی میں جو دھول پیٹ کے علاقہ میں انجام دی گئی ۔ ایس ٹی ایف نے 1.248 کیلو گرام گانجہ کو ضبط کرلیا اور ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ ایس ٹی ایف کی جانب سے ان دو علحدہ کاررائیوں میں چار مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔ع