اوٹکور۔ 2 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی ہند اوٹکور کی جانب سے ایک خطاب عام بعنوان ‘ رجوع الی القرآن ‘ و تقسیم انعامات ‘ رکھا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر مقامی جناب منصور علی نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ خطاب عام 6 نومبر بروز اتوار بوقت بعد نماز مغرب بمقام مدرسہ فیض الہدی اوٹکور میں منعقد ہوگا۔ اس خطاب عام کی صدارت جناب خواجہ ناظم ضلع محبوب نگر ‘ و نارائن پیٹ ‘ ونپرتی کریں گے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب عبدالعزیز، ریاضی صدر ایم پی جے تلنگانہ شرکت کریں گے اور مہمان مقررین کی حیثیت سے جناب اعجاز محی الدین وسیم ،صدر و خطیب مسجد عزیزیہ مہدی پٹنم حیدرآباد اور حافظ عمادالدین محسن عمری و مدنی پیش امام مسجد عزیزیہ مہدی پٹنم حیدرآباد تشریف لائیں گے۔ ایس آئی او ضلع صدر نارائن پیٹ حافظ افتخار نے کہا کہ اس خطاب میں سیرت النبیؐ نالج ٹسٹ اور سیرت النبیؐ کوئز مقابلہ اور 30 روزہ نماز کیلئے مہم منعقد کی گئی تھی۔ جس کے انعامات بھی اس خطاب عام میں تقسیم کیے جائیں گے۔ اور خواتین کے لیے مدرسہ فیض الہدی کی اوپری منزل پر پردہ کا نظم رہے گا اور تمام شرکاء کیلئے طعام کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
سداسیوپیٹ تحصیل دار کی حیثیت سے منوہر چکرورتی نے جائزہ حاصل کرلیا
سداسیوپیٹ ۔2 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منوہر چکرورتی نے سداسیوپیٹ تحصیلدار کی حیثیت سے اپنے عہدے کا جائزہ حاصل کرلیا۔منوہر چکرورتی سابقہ میں کافی عرصے تک نائب تحصیلدار کی حیثیت سے یہاں پر آپ نے خدمات انجام دے چکے ہیں۔منوہر چکرورتی کا تبادلہ سنگاریڈی کلکٹر آفس میں ڈیویژنل ایڈمنسٹریٹیو آفیسر سے سداسیوپیٹ تحصیلدار کی حیثیت سے ہوا ہے۔اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے لوث اپنی خدمات انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے جو بھی درخواستیں موصول ہوں گی۔انہیں مقررہ وقت پر جاری کر دیا جائے گا۔انہوں نے عوام سے مزید کہا کہ ان کے جو بھی مسائل ہوں وہ راست ان سے ملاقات کرسکتے ہیں۔