جماعت اسلامی نارائن پیٹ کی جانب سے یتیم طلبا میں اسکالر شپس اور عید کٹس کی تقسیم

   

نارائن پیٹ 20مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی ناراین پیٹ کی جانب سے یتیم طلبا و طالبات میںْ تعلیمی وظائف و عید راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ، اس موقع پر ایک تقریب اسلامک سنٹر میں منعقد کی گئی جس میں مہمانان خصوصی کے طور جناب الحاج اے آر رحمان ، صدر انتظامی کمیٹی لعل مسجد ، جناب الحاج محمد معین الدین موظف انجینئر صدر انتظامی کمیٹی مسجد ابوبکر ، جناب الحاج رفیق چاند ، صدر جامعہ مسجد ، جناب الحاج محمد ریاض رنگریز صدر مسجد عمر بن خطاب ،جناب سرفراز حسین انصاری ، نائب صدر مسجد حاجی خان پیٹ ، جناب الحاج عثمان مجاہد صدیقی سابق ناظم متحدہ ضلع محبوب نگر ، جناب الحاج حسن ملاں و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر معزز مہمانان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیوہ ویتیم بچے معاشرہ کے کمزور و مظلوم طبقہ ہے ، ان کی سرپرستی و دلجوئی کی اسلام میں بڑی فضیلت آئی ہے ، حضور نبی کریم صلی اللہ و علیہ وسلم نے فرمایا یتیم کی کفالت کرنے والا اور میں جنت میں ( دو انگلیوں ) کو قریب کرکے فرمایا کہ اس طرح رہیں گے۔ مقررین نے بیوہ خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو روز جزا دوہرا اجر عطا فرمائے گا۔ ایک اپنے بچوں کی اور دوسرے یتیم بچوں کی پرورش کا ثواب ،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ، تم میں بہترین گھر وہ ہے جس میں یتیم کی پرورش کی جاتی ہے اور بدترین گھر وہ ہے جس میں یتیم ہو اور اس کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہو، مہمانوں نے جماعت اسلامی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جماعت ہمیشہ معاشرہ کے کمزور اور بے سہارا افراد کی بلا لحاظ مذہب و ملت آفات سماوی ہو یا آفات ارضی ہر موقع پر مدد کے لئے آگے آتی ہے۔ اس موقع پر 100 سے زائد یتیم طلباء وطالبات میں تعلیمی وظائف کے علاوہ عید راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی ۔ جناب حسن الدین پٹیل کے درس قرآن سے تقریب کا آغاز عمل میں آیا۔ جناب ارشد فیصل امیر مقامی نے کاروائی چلائی۔ جناب احمد خاں یوسف زئی سابق امیر مقامی ، جناب ظہیر صوفی ، جناب انور پٹیل ،جناب محمد نصیر ارکان جماعت اور جناب حسین پاشاہ ودیگر نے انتظامات میں حصہ لیا ۔