انقرہ : ایک ترک پراسیکیوٹر نے درخواست جمع کرائی ہے کہ صحافی جمال خشوگی کے قتل کی تفتیش استنبول سے سعودی عرب منتقل کر دی جائے۔ اس پیش رفت سے ایسے تاثرات ابھر رہے ہیں کہ شاید اب اس معاملے کو دبا دیا جائے گا۔ یہ تاثر بھی پایا جاتا ہے کہ ترکی سعودی عرب کے ساتھ تعلقات ٹھیک کرنا چاہتا ہے۔ فی الحال ترک عدالت نے اس درخواست پر فیصلہ نہیں کیا ہے۔ خشوگی کو استنبول میں سعودی سفارت خانے میں چار سال قبل قتل کر دیا گیا تھا۔ شبہ ہے کہ ان کی لاش کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے ٹھکانے لگا دیا گیا۔ امریکی انٹیلی جنس کی ایک سال قبل جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ کارروائی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت پر کی گئی۔