جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے طلباء میں اسکالر شپ تقسیم

,

   

ہندوستانی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) نے آج ممبئی کے مسلم و غیر مسلم طلبہ کو تعلیمی وظائف کے چیک تقسیم کرنے کے لئے ریاستی دفتر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ،ممبئی میں ایک تقریب منعقد کی،جس میں محکمہ پولس کے اعلیٰ افسران اور جمعیۃعلماء کے عہدیداروں نے شرکت کی۔اس تقریب میں معزز مہمانوں اور ذمہ داران جمعیۃعلماء کے بدست طلبہ کو اول مرحلہ میں تقریباًسولہ لاکھ روپئے کا چیک دیا گیا، جس میں ابتداء سے لیکر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء شامل ہیں۔

اس موقع پر مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر)نے اپنے خطاب میں جمعیۃعلماء اور اس کے ذمہ داران کی بے لوث ملکی و ملی خدمات اور تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

تعلیمی وظائف پانے طلبہ اور طالبات میں چیک کی تقسیم کے بعد سینئر پولس انسپکٹر ڈونگری سندیپ وسنت بھاگدیکرنے خطاب کیا،دوران خطاب انہوں نے طلباء اور ان کے سر پرستوں کو تعلیم کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بہترین تربیت کے ساتھ ان کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے رہنمائی کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے،اس کے لئے ہمیں مشہور اور ماہرین اسکالروں سے رہنمائی حاصل کر کے بچوں میں اس کے تئیں حوصلہ پیدا کرنا چاہئے،جس سے وہ آگے چل کر بڑے بڑے سرکاری عہدوں پر پہونچ سکیں۔

دوران پروگرام جے جے پولس اسٹیشن کے سینئر پی آئی اقبال اولکر نے بھی مختصر خطاب کیا اور کہا کہ ہم اپنے بچوں کو اچھی تعلیم اور عمدہ تربیت دیں تاکہ ملک کی ترقی میں معاون ہو سکیں۔ ملک کی ترقی کے لئے ادنیٰ سے ادنیٰ قربانی کو معمولی نہیں سمجھنا چاہئے،کیوں کہ قطرہ قطرہ مل کر دریا بنتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمعیۃعلماء کی جانب سے دیا جانے والا وظیفہ یہ ابتدائی زینہ ہے،اگر ہم نے اپنے بچوں کی تربیت کی ان کی تعلیم پر دھیان دیا تو آگے چل کر یہ ہمارا ہی نہیں بلکہ ملک کا نام روشن کرنیکا ذریعہ بنیں گے۔

دوران تقریب جے جے مارگ پولس اسٹیشن،اور ڈونگری پولس اسٹیشن کے سینئر پولس افسران نے کہا کہ یہ لگاتار دوسرا سال ہے جب جمعیۃعلماء نے انہیں تعلیمی وظائف کی تقسیم کے پروگرام میں مدعو کیا ہے جس کے لئے وہ شکر گذار ہیں۔

مفتی محمد یوسف قاسمی(خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر)نے اس تقریب میں تشریف لانے والے شرکاء کا استقبال کیا اور اخیر میں رسم شکریہ ادا کیا،جبکہ نظامت کے فرائض ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری نے انجام دیئے۔

اس تقریب میں جمعیۃعلماء کے عہدیداران اور مقامی ذمہ داروں کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی،جن میں الحاج گلزار احمد اعظمی (سکریٹری قانونی امداد کمیٹی) مفتی حفیظ اللہ قاسمی (ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر)حافظ محمد عارف انصاری(جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع تھانے) عقیل احمدشیخ (سکریٹری جمعیۃعلماء ساؤتھ زون اور جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ساؤتھ زون،بی وارڈ،ممبئی)،خصوصیت کے ساتھ قابل ذکر ہیں۔اسی طرح ایک کثیر تعداد میں برادران وطن،مسلم طلبہ و طالبات اور ان کے سر پرستوں نے شرکت کی۔