جالون29جولائی(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع جالون میں جمناندی کی آبی سطح لگاتار بڑھنے سے سیلاب کے حالات بن گئے ہیں۔منگل کو کالپی آبی سطح سنٹر پر جمنا کی آبی سطح 106.370 میٹر درج کیا گیا۔ جبکہ الرٹ نشان 107 میٹر اور خطرے کا نشان 108 میٹر ہے ۔ آبی سطح میں ممکنہ اضافے کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ پوری طرح سے الرٹ موڈ میں ہے ۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر درگیش کمار اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (فنانس اینڈ ریونیو) سنجے کمار نے سیلاب زدہ علاقوں کا معائنہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات دیں تاکہ موثر راحت اور بچاؤ کے کام کو بروقت یقینی بنایا جا سکے ۔کالپی تحصیل کے دیہات پدری اور ردی واڑہ کی رابطہ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جس سے تقریباً 500 کی آبادی متاثر ہوئی ہے ۔