جموں :آٹو ڈرائیورس مریضوں کو مفت ہاسپٹل پہنچا رہے ہیں، حکومت سے امداد کی اپیل

   

جموں: کورونا کرفیو کے دوران جہاں کئی غیر سرکاری تنظیمیں لوگوں کی خدمت میں جٹی ہوئی ہیں وہیں یہاں آٹو ڈرائیور مریضوں اور تیماداروں کو ہاسپٹل پہنچانے کے لئے مفت خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ان ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہم کورونا کرفیو کے دوران لوگوں کی مفت خدمت کر رہے ہیں لیکن حکومت ہمارے لئے کچھ بھی نہیں کر رہی ہے ۔انہوں نے حکومت سے ٹرانسپورٹروں بالخصوص آٹو ڈرائیوروں کو بھر پور مالی معاونت کرنے کی اپیل کی۔ایک آٹو ڈارئیور نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سال گذشتہ بھی لاک ڈاؤن کے دوران سرکار کا ساتھ دیا اور اس سال بھی مریضوں اور تیماداروں کو مفت ہاسپٹل پہنچا رہے ہیں لیکن حکومت ہمارے لئے کچھ بھی نہیں کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ خدمات کورونا ختم ہونے تک جاری رکھیں گے لیکن حکومت کو بھی ہمارے لئے کچھ کرنا چاہئے تاکہ ہماری مالی مدد ہوسکے ۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی بڑھ رہی ہے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہم غریبوں کا خیال رکھے ۔ایک اور آٹو ڈرائیور نے کہا کہ ہم اپنی جان خطرے میں ڈال کر مریضوں اور ان کے تیمارداروں کی خدمت کر رہے ہیں اب حکومت کو بھی چاہئے کہ ہمارے لئے ایک مالی پیکیج کا اعلان کرے ۔