جموں بس اسٹانڈ پر دستی بم حملہ۔ ایک ہلاک‘32 زخمی

,

   

جموں۔7 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک کم عمر بچہ ہلاک اور دیگر 32 زخمی ہوگئے جب کہ ایک مشتبہ دہشت گرد نے پُرہجوم جنرل بس اسٹانڈ پر دستی بم حملہ کیا ۔ یہ بس اسٹانڈ قلب شہر میں واقع ہے اور حملہ کے وقت پُرہجوم تھا ۔ جموں بس اسٹانڈ پر گزشتہ سال مئی سے یہ تیسرے دستی بم حملہ ہے ۔ اُسے صیانتی محکموں کی شہر کا امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو درہم برہم کردینے کی کوشش سمجھا جارہا ہے ۔ 17سالہ محمد شریک ساکن ہردوار اتراکھنڈ اُن 33 افراد میں شامل تھا جنہیں دواخانہ کیا گیا ۔ تاہم وہ اپنے سینے کے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔دیگر 32 افراد میں سے چار افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔زخمیوں میں 11کشمیری ، 2بہاری اور ایک چھتیس گڑھ اور ایک ہریانہ متوطن شامل ہے ۔آئی جی پی جموں ایم کے سنہا نے ابتداء میں کہا تھا کہ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ کسی شخص نے بس اسٹانڈ پر دستی بم حملہ کیا تھا جس کی وجہ سے دھماکہ ہوا ۔ جی سی روڈ کی پولیس نے ناکہ بندی کردی اور دستی بم حملہ کے ذمہ دار کی تلاش جاری ہے ۔