سری نگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے جموں و کشمیر میں منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لعنت ہمارے معاشرے خاص کر ہمارے نوجوانوں کو کھوکھلا کر رہی ہے ۔ پارٹی کے ترجمان طاہر سعید نے جموں وکشمیر میں منشیات سے متعلق بڑھتے ہوئے واقعات پر اظہار کا افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں منشیات کی لت میں پڑنے والوں کی تعداد خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دیکھنا انتہائی پریشان کن ہے کہ کس طرح ہماری نوجوان نسل اس لعنت کی شکار ہو رہی ہے اور یہ بدعت کس طرح خاندانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر رہی ہے ، نوجوانوں کی زندگیوں کو تباہ کر رہی ہے اور کمیونٹیوں کو غیر مستحکم کر رہی ہے ۔ موصوف ترجمان کا کہنا ہے کہ اس بدعت کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ گیر اور جامع اپروچ کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس بحران سے نجات حاصل کرنے کے لئے معاشرے کے ہر ذی حس فرد کو اپنا کر دار ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم سب والدین، اساتذہ، علما و خطبا اور سیول سوسائٹی کو یک جٹ ہو کر آگے آنے چاہئے اور اس خطرناک وبا کے خلاف ایک ہمہ جہت اور ہمہ گیر جانکاری مہم شروع کرنی چاہئے ‘۔
طاہر سعید نے کہا کہ نوجوانوں کو اس جال میں پھنسنے سے بچانے کے لئے رہنمائی، سپورٹ اور متبادل انتظام دستیاب رکھنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا: ‘بحیثت ایک جماعت ہم لوگوں کی فلاح و بہبودی کے لئے پُر عزم ہیں اور ہم ان اقدام کی حمایت لگاتار کرتے رہیں گے جو ہمارے لوگوں خاص طور پر ہمارے نوجوانوں کے تحفظ کے ضامن ہوں’۔