فری ٹاؤن14 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی تشکیل نو کرکے مرکز کے زیر انتظام دو ریاستوں میں تقسیم کئے جانے سے ریاست میں ترقی میں تیز آئے گی اور سرحد پر دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئے گی۔مغربی افریقی ملک سیرالیون کے دورے پر گئے مسٹر نائیڈو نے پیر کو یہاں ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا ایک پڑوسی ملک دہشت گردوں کو تعاون اور سرمایہ سے مدد کرنے کے ساتھ ساتھ اشتعال انگیز سرگرمیوں کو انجام دے رہا ہے جو تشویش کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور انسانیت کے دشمن دہشت گردی کی شکل اختیار کرچکے ہیں اور دہشت گردی کے واقعات میں ہزاروں لوگ مارے جاچکے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کو بڑھاوا دینے والے چند ممالک کے خلاف کارروائی اور ایسی سرگرمیوں کے لئے سرمایہ فراہم کرانے پر پابندی عائد کرنے کی یقین دہانی کے لئے عالمی برادری سے متحد ہونے کی اپیل کی۔انہوں نے جموں وکشمیر میں پھیلائے جارہے منفی پروپیگنڈے کا ذکر کیا اور ہندوستانی برادری سے صحیح تصویر پیش کرکے اس کا موثر جواب دینے کی اپیل کی۔ انہوںنے کہا کہ بے بنیاد اطلاعات کے تشہیر پر روک لگانے کا ایک بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایسا ملک ہے جہاں صدر، نائب صدر، وزیراعظم، اعلی عدالت کے جج اور دفاعی فورسوں کے سربراہ بھی اقلیتی برادری سے رہ چکے ہیں۔نائب صدر نے یہا ں جمہوریہ سیرالیون کی قومی پارلیمنٹ کے اسپیکر عباس چرنور بوندی سے بھی ملاقات کی۔