جموں وکشمیر کے عوام کسمپرسی اور بیکسی کا شکار : ڈاکٹر کمال

   

سری نگر : جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ لوگوں کو طاقت کا سرچشمہ مانا اور ہمیشہ اس اصول پر قائم رہی ہے کہ سرداری عوام کا حق ہے ، ہماری جماعت آج بھی اسی اصول پر سختی قائم و دائم ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس جماعت کو تینوں خطوں کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا بے پناہ تعاون اور اشتراک حاصل رہاہے لیکن موجودہ حکمرانوں نے عوام کو ہر سطح پر نظرانداز کر رکھا ہے اور حکومت کے بیشتر فیصلے عوام کش ہوتے ہیں۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفے ٰ کمال نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے عوام اس وقت نہایت کسمپرسی، بے کسی اور لاچاری سے دوچار ہیں۔اقتصادی اور معیشی بدحالی نے تمام خطوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور ان حالات میں سدھار کا دور دور تک کوئی نام و نشان نہیں۔ کاروباری، تجارتی اور دستکاری سمیت تمام شعبے مکمل طور پر ٹھپ ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں۔