مراکز پر سخت سیکوریٹی انتظامات،ہریانہ میں بھی رائے شماری
سرینگر: جموں و کشمیر اسمبلی الیکشن کے ووٹوں کی گنتی کل 8اکتوبر کو ہوگی۔ رائے شماری کے تمام مراکز پر سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ کل ہریانہ میں بھی رائے شماری ہوگی۔ کشمیر میں ووٹوں کی گنتی کو لیکر عوام اور سیاسی جماعتوں میں زبردست جوش وخروش اور تجسس پایا جاتا ہے جس کے پیش نظر منگل کے دن ووٹوں کی گنتی کے موقع پر تمام ضلع مستقروں پر سیکوریٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں۔ 5سال قبل دفعہ 370کی برخواستگی کے بعد مرکز کے زیرانتظام علاقہ کی 90رکنی اسمبلی کیلئے 3مرحلوں میں رائے دہی ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تمام 20گنتی مراکز پر 3گھیرے والی سیکوریٹی ہوگی۔ ہفتہ کے دن اگزٹ پول میں کہا گیا کہ نیشنل کانفرنس۔ کانگریس اتحاد کا موقف بہتر ہوگا۔علاقائی جماعت کو زیادہ نشستیں ملیں گی۔ بی جے پی کی کارکردگی تھوڑی بہتر ہوسکتی ہے۔ 2014ء میں اس نے 25 نشستیں جیتی تھیں جبکہ پی ڈی پی نے10سال قبل 28 نشستیں جیتی تھیں۔ اس بار کہا جارہا ہے کہ پی ڈی پی کو 10 سے بھی کم نشستیں ملیں گی۔ کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر منگل کو 90 رکنی اسمبلی کے لیے ووٹوں کی گنتی کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے تمام 20 گنتی مراکز پر تین درجے کی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں منگل کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔