جموں و کشمیر الیکشن: جملہ 65.58 فیصد پولنگ ریکارڈ

   

سرینگر: جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے و آخری مرحلے میں سات اضلاع کی 40 سیٹوں پر پولنگ پر امن اور خوشگوار ماحول میں اختتام کو پہنچی ۔الیکشن کمیشن کے مطابق آخری مرحلے پر 65.58 فیصد ووٹنگ ہوئی ۔ کمیشن نے کہا کہ پولنگ مراکز پر صبح سے ہی ووٹروں کی قطاریں دیکھی گئیں۔ آخری مرحلے کیلئے رائے دہندگان کی کل تعداد 39 لاکھ 18 ہزار2 سو22 تھی جن میں 20 لاکھ9 سو33 مرد جبکہ 19 لاکھ9 ہزار1 سو30 خواتین ووٹرز تھیں ۔انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں زائد از 61 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔ بارہمولہ ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ میں 16اسمبلی حلقوں میں عوام کی بڑی تعداد نے رائے دہی کا استعمال کیا۔دفعہ 370کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں پہلی مرتبہ اسمبلی انتخابات ہوئے ، آج ووٹروں میں جوش و جذبہ دیکھا گیا ، یہاں تک کہ ان علاقوں میں اچھی پولنگ ہوئی جہاں بائیکاٹ کی روایت چلی آ رہی تھی۔بارہ مولہ کا اولڈ ٹاون جو کھبی بائیکاٹ کا گڑھ سمجھا جاتا تھا وہاں پر بھی عوام کی بڑی تعداد نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔بارہمولہ میں اس بار ووٹنگ شرح 47.95ریکارڈ کی گئی جبکہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں 52.15ریکارڈ ہوئی تاہم سال 2014کے اسمبلی الیکشن کے مقابلے میں اس بار ووٹنگ کی شرح میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔