جموں و کشمیر سے دہلی تک پارسل ٹرین

   

نئی دہلی، 11 ستمبر (یواین آئی) ریلوے ہفتہ سے جموں و کشمیر کے بڈگام سے قومی دارالحکومت کے آدرش نگر اسٹیشن تک روزانہ پارسل ٹرین سروس شروع کر رہا ہے ۔ یہ اطلاع ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، “جموں سری نگر لائن کے کھلنے سے وادی کشمیر میں رابطے میں بہتری آئی ہے ۔ ریلوے 13 ستمبر سے وادی کشمیر کے بڈگام سے دہلی کے آدرش نگر اسٹیشن تک روزانہ ٹائم ٹیبل پارسل ٹرین شروع کر رہا ہے ۔ سیب لے جانے والی دو پارسل وینوں کی لوڈنگ آج سے بڈگام سے دہلی تک شروع ہو رہی ہے ۔” بڈگام سے دہلی کے آدرش نگر تک پارسل ٹرین سروس کے آغاز سے مرکز کے زیرانتظام علاقے کے تاجروں کو اپنی مصنوعات جیسے پھل اور دستکاری ملک بھر میں بھیجنے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے ریاست کی معیشت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔ غور طلب ہے کہ یہ روڈ ٹرانسپورٹ کے مقابلے میں تیز اور سستا آپشن ہے ۔