جموں: نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعے کے روز کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کے مفادات اور احساسات کا دفاع کرنا اور چھینے گئے آئینی اور جمہوری حقوق کی بحالی نیشنل کانفرنس کا بنیادی ایجنڈا ہے اور ہماری جماعت مستقبل میں اسی اصول پر قائم و دائم رہے گی۔انہوں نے کہاکہ شیر کشمیر کی یہ جماعت عوامی اشتراک اور تعاون سے اُن تمام عناصر کو دھول چٹائے گی جو اعلاناً یا درپردہ طور جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق سلب کرنے میں ملوث رہے ہیں اور یہاں کے عوام کو مذہب، علاقائی اور لسانی بنیاوں پر تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ان باتوں کا اظہارموصوف نے اپنی رہائش پر مختلف عوامی وفود کیساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کو اس وقت ایسے مصائب ، مشکلات اور چیلنجوں کا سامنا ہے ، جس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ایک کی یہی کوشش ہونی چاہئے کہ کس طرح سے اس مظلوم اور محکوم قوم کو موجودہ دلدل سے نکالا جاسکے اور اس کیلئے ذاتی مفادات اور سیاسی نظریات کو بالائے طاق رکھ کر ایک متحدہ آئینی، جمہوری اور سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔