جمہوریت کے تحفظ کیلئے دعائیں کرنے کی اپیل

   

نرمل میں کانگریس قائد محمد ذیشان علی کی دعوت افطار، طاہر بن حمدان و دیگر کا خطاب

نرمل ۔ 25 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل کے سیاسی افق پر ابھرتے ہوئے کانگریس کے نوجوان حرکیاتی قائد محمد ذیشان علی کی جانب سے آئی اے فنکشن ہال نرمل میں کل شام ایک شاندار دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بحیثیت مہمانان خصوصی طاہر بن حمدان چیرمین اردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ ڈاکٹر ایس وینو گوپال چاری سابق مرکزی وزیر آفیسر یوسف زئی ایڈوکیٹ ہائی کورٹ و کانگریس کوآرڈینیٹر، صدر ضلع کانگریس سری ہری راؤ، اے ملا ریڈی ایڈوکیٹ صدر بار کونسل نرمل ، شبھاکرن ایڈوکیٹ گورنمنٹ پلیڈر، جی ایشور سابق صدر نشین بلدیہ، محمد انیس احمد خاں سینئر کانگریس قائد، اے گنیش چکراورتی سابق صدر نشین بلدیہ، محمد الماس خاں جنرل سکریٹری یوتھ کانگریس، محمد نعمان نائب صدر ضلع کانگریس یوتھ، محمد عثمان خاں، بھیم ریڈی چیرمین زرعی کمیٹی نرمل مارکٹ، محمد عتیق احمد سابق معاون رکن ضلع پریشد، الحاج عبدالرحمن مالک مدینہ ہوٹل، محمد رمیز راجہ کانگریس یوتھ لیڈر، ایم اے علیم سابق نائب صدر نشین بلدیہ، محمد واجد احمد خاں سابق نائب صدر نشین، بلدیہ کے علاوہ میر مشکر علی این آر آئی و صحافیوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر چیرمین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان نے کہا کہ محمد ذیشان علی کی دعوت افطار کو دیکھ کر بے انتہا خوشی ہو رہی ہے کہ آپسی بھائی چارگی کا یہ منظر نرمل کی تاریخ کا ایک حصہ ہے۔ تمام مہمانوں کا محمد زاہد علی نے شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں طاہر بن حمدان نے روزہ داروں سے خواہش کی کہ وہ اس متبرک مہینہ میں جمہوریت کے تحفظ کے لئے بھی دعائیں کریں کیونکہ دعائیں ہر مصیبت کا رخ موڑ دیتی ہیں۔ فرقہ پرست طاقتیں اپنے ناپاک عزائم کے ذریعہ ملک کے آئین کو بدلنا چاہتی ہیں۔ تاہم مرکز میں کانگریسی قائدین اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی تمام سیکولر طاقتوں کے ساتھ مل کر مرکزی حکومت کے ناپاک عزائم کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر ایس وینو گوپال چاری نے کہا کہ دعوت افطار گنگا جمنی تہذیب کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے۔ ایسی دعوتوں میں ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ صدر ضلع کانگریس کے سری ہری راؤ نے بھی اس شاندار دعوت کی ستائش کرتے ہوئے ضلع نرمل کے تمام مسلم بھائیوں اور بہنوں و بزرگوں کو عید کی قبل از وقت مبارکباد پیش کی۔