نئی دہلی:ملک کی راجدھانی دہلی کے قلب میں واقع جنتر منتر پر مسلمانوں کے خلاف کھلے عام اشتعال انگیزی کی گئی ، یہ بھارت بچائو ابھیان ریلی کے مظاہرین کے ایک گروہ نے انجام دیا ، جب اس کا ویڈیو منظر عام پر آیا تو ملک میں بے چینی پھیل گئی ۔اس سلسلے میں کل جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود مدنی نے وزیر داخلہ حکومت ہند امت شاہ اور دہلی پولس کمشنر کو خط ارسال کیا ہے ۔ اس خط کی ایک کاپی جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے جنتر منتر پر واقع پولس کیمپ میں پہنچ کر نئی دہلی رینج کے جوائنٹ کمشنر شری جسپال سنگھ اور ڈی سی پی شری دیپک یادو سے ملاقات کرے بھی سونپا۔مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو میں کھلے عام مسلمانوں کے قتل عام کی دھمکی دی گئی ہے جو سوشل میڈیا پر بڑی تیزی کے ساتھ شائع کیا جارہا ہے۔ اس سے ملک کے امن پسند افراد اور مسلم اقلیت کو سخت تکلیف پہنچی ہے ، اس لیے یہ ضروری ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان پر دو فرقوں کے مابین نفرت پھیلانے والے دفعات لگائے جائیں۔