جنرل راوت کی مکمل فوجی اعزازات کیساتھ آخری رسومات

,

   

بیٹیوں نے چتا کو آگ دکھائی

نئی دہلی : چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور اُن کی شریک حیات مدھولیکا راوت کی جمعہ کی شام مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ دہلی کے برار اسکوائر شمشان گھاٹ میں آخری رسومات انجام دی گئیں۔ اُن کی بیٹیوں کریتیکا اور ترینی نے چتا کو آگ دکھائی۔ ہندوستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل راوت اور اُن کی اہلیہ کی نعشیں ایک دوسرے کے بازو رکھی گئیں۔ اِن کی آخری رسوم سے چند گھنٹے قبل اِسی شمشان گھاٹ میں جنرل راوت کے اعلیٰ مددگار بریگیڈیر ایل ایس لڈر کی بھی آخری رسوم انجام دی گئیں ۔ یہ تینوں اور 10 دیگر افراد چہارشنبہ کو ٹاملناڈو میں ہیلی کاپٹر کے ہولناک حادثہ میں جان گنوا بیٹھے۔ جیسے ہی جنرل راوت کی چتا کو آگ دکھائی گئی ، اُن کے اعزاز میں 17 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اِس موقع پر پروٹوکول کے مطابق 800 ملٹری پرسونل پر مشتمل فوجی عملے کے ساتھ جنرل راوت کو فوجی خراج پیش کیا گیا۔ قبل ازیں دن میں جنرل راوت اور اُن کی اہلیہ کی نعشیں شمشان گھاٹ لائی گئیں۔ اِس موقع پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال موجود رہے۔