جنوبی افریقہ سنسنی خیز مقابلے میں 6 رنز سے کامیاب

   

کیپ ٹاؤن۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ٹوئنٹی20 میں پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر اس کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا۔ نیو لینڈز میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا میزبان ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ 26 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیوپلیسی اوپنر ریزا ہینڈرکس کے ساتھ پاکستانی بولروں پر قہر بن کر برسے اور 131 رنز کی شراکت قائم کی۔ فاف ڈیوپلیسی 78 اور ریزا ہینڈرکس 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستانی بولروں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے 200 رنز کے اسکور سے دور رکھا۔ جنوبی افریقہ نے ابتدائی 15 اوور میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 157 رنز اسکور کر لیے تھے، تاہم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز اسکور بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 3 جبکہ حسن علی، فہیم اشرف اور عماد وسیم نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا نقصان پہلے ہی اوور میں 4 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، تاہم بابر اعظم اور حسین طلعت نے ٹیم کو 81 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔ حسین طلعت 40 رنز بنا کر 85 کے مجموعے جبکہ بابر اعظم 38 رنز بنا کر 93 رنز پر آؤٹ ہوئے تو کپتان شعیب ملک نے وکٹ کی ایک جانب ڈٹ کر جنوبی افریقی بولروں کا سامنا کیا۔ وکٹ کی دوسری جانب وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، تاہم شعیب ملک شاندار انداز میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو آخر اوور تک لے گئے۔ آخری 4 گیندوں میں 14 رنز درکار تھے کہ شعیب ملک کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا، جس کے بعد شاداب خان نے مزاحمت کی اور ٹیم کی شکست کے فرق کو 6 رنز تک محدود کردیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کرس مورس، بیورن ہینڈرکس اور تبریز شمسی نے فی کس 2 جبکہ اینڈائل فیلکوائیو نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس میچ میں جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر کو بہترین فیلڈنگ کی بنیاد پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی نہ صرف پاکستان کی ٹوئنٹی20 میں مسلسل فتوحات بلکہ مسلسل اہداف حاصل کرنے کے سلسلے کو بھی توڑ دیا۔