جنوبی کشمیر کے ترال قصبہ میں دوسرے دن بھی ہڑتال

   

سری نگر،6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال قصبہ میں دو جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف بدھ کے روز مسلسل دوسرے دن بھی تعزیتی ہڑٹال رہی۔واضح رہے کہ ترال کے ریشی پورہ میں پیر کے روز سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی میں حزب الماہدین سے وابستہ دو جنگجو جان بحق ہوئے تھے ۔یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق ترال قصبہ کے بازاروں میں بدھ کے روز بھی تمام دکانیں بند، کاروباری ادارے مقفل اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل معطل رہی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ مہلوک جنگجوؤں کے گھروں پر مختلف علاقوں سے تعزیت پرسی کے لئے آنے والے لوگوں کا دن بھر تانتا بندھا رہا۔قابل ذکر ہے کہ پیر کے روز سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی میں حزب الماہدین سے وابستہ دو جنگجو ہلاک جبکہ ایک عام شہری زخمی ہوا تھا، اس دوران ایک دو منزلہ عمارت بھی مکمل طور پر تباہ ہوئی تھی۔مہلوک جنگجوؤں کی شناخت عرفان احمد راتھر عرف ابو طالب ساکن شریف آباد ترال اور ادفر فیاض عرف ابوضرار ساکن گلشن پورہ ترال کے بطور ہوئی تھی۔