جنگلاتی اراضی پر حقوق کیلئے درخواستوں کی قبولیت

   

چیف سکریٹری سومیش کمار کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/12اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے جنگلاتی اراضی پر قبائیلیوں کے حقوق سے متعلق مسئلہ کی یکسوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جنگلاتی اراضی سے متعلق درخواستیں قبول کی جائیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے فیصلہ کے مطابق اراضی پر حقوق کے سلسلہ میں حکومت عنقریب رہنمایانہ خطوط جاری کرے گی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس مسئلہ کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات کے اسپیشل چیف سکریٹری شانتا کماری، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ شوبھا، کمشنر رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس شیشادری، سکریٹری قبائیلی بہبود کرسٹینا ، تلنگانہ ٹکنالوجیکل سرویسس کے منیجنگ ڈائرکٹر وینکٹیشور راؤ اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ اکٹوبر کے تیسرے ہفتہ سے ریاست بھر میں جنگلاتی اراضی سے متعلق درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ درخواست کے طریقہ کار، درخواست کے ساتھ داخل کئے جانے والے دستاویزات، مختلف کمیٹیوں کی تشکیل اور دیگر اُمور کا جائزہ لیا گیا۔ ضلع کلکٹرس محکمہ جنگلات کے کنزرویٹرس اور ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر کا علحدہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ جنگلاتی علاقوں میں کاشت کرنے والے قبائیلی اراضی پر حقوق کی مانگ کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے اسمبلی میں اس مسئلہ کے مستقل حل کا تیقن دیا ہے جس کے تحت قبائیلیوں کو اراضی پر حقوق دیئے جاسکتے ہیں۔ر