جنیوا ۔ 24 نومبر (ایجنسیز) خوراک کے عالمی ادارے ڈبلیو ایف پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیوک لنڈبرگ نے انتباہ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور یوکرین میں لڑی جانے والی جنگوں کی وجہ سے اس عالمی ادارے کے امور کی انجام دہی کی لاگت 2027 میں 727 ملین ڈالرتک بڑھ سکتی ہے۔ اس وجہ سے 73 لاکھ سے زائد افراد کیلئے خوراک خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے۔لنڈ برگ کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ستمبر میں انسانی بنیادوں پر کام کرنے والے سب سے بڑے ادارے کیلئے نامزد کیا تھا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا ہے کہ خوراک کی برآمد ، فصلوں کیلئے کھادوں و دیگراشیاء کی فراہمی مشکل ہو چکی ہے کیونکہ آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کو گزرنے کی اجازت نہیں ہے۔ علاوہ ازیں باب المندب اور بحیرہ اسود میں موسمیاتی جھٹکوں نے بھی تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کو متاثر کر رکھا ہے۔خوراک کے عالمی ادارے کے سربراہ نے کہا یہ صورتحال ایسی ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔ کیونکہ ہم نہیں سمجھتے کہ اس سے بھی برا وقت کبھی آ سکتا ہے۔ خیال رہے لنڈ برگ امریکہ میں زراعت سے متعلق عہدیدار رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے ہی 2 کروڑ 66 لاکھ افراد دنیا میں بد ترین بھوک کا شکار ہیں۔ سوڈان ، جنوبی سوڈان اور صومالیہ میں تو قحط کا خطرہ موجود ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ بحیرہ اسود میں پیدا شدہ صورت حال کو بہتر کیا جائے۔ صومالیہ اور یمن جو ماضی میں علاقے کیلئے روٹی کی ٹوکری کی حیثیت رکھتے تھے وہ اب 90 فیصد خوراک باہر سے منگوا رہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا خوراک کی قیمتوں کی سطح پچھلے چار برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔
گندم کی قیمت میں جنوری سے ستمبر تک تقریباً دس فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ توانائی سمیت ٹرانسپورٹ کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں۔ روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں زیادہ ہو چکی ہیں۔خوراک کے عالمی ادارے کے سربراہ نے یہ بھی کہا جاری جنگوں سے ڈبلیو ایف پی کے انسانی بنیادوں پر آپریشنز براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق دنیا کے 83 ملکوں میں 100 ملین لوگوں کو ہر سال خوراک کیلئے معاونت دیتا ہے۔