اسلام آباد۔ 2 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے چہارشنبہ کو ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلوالیہ طلب کرتے ہوئے ہندوستانی فوج کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کرنے پر استفسار کیا جس میں ایک خاتون کے ہلاک ہوجانے کی اطلاع ہے ۔ دریں اثناء دفتر خارجہ ن ے بتایا کہ ڈائرکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء اور سا رک) محمد فیصل نے اہلوالیہ کو طلب کیا اور ہندوستانی افواج کی جانب سے نیزاپیر اور بگسر سیکٹر میں جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کی مذمت کی ۔ پاکستان کا الزام ہے کہ ہندوستانی افواج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں ایک 50 سالہ نور جہاں نامی خاتون ہلاک ہوگئی جب کہ دیگر تین شہری زخمی ہوئے ۔ فیصل نے جو دفتر خارجہ کے ترجمان بھی ہیں، یہ الزام بھی عائد کیا کہ ایل او سی اور ورکنگ سرحد پر ہندوستانی افواج اکثر و بیشتر شہریوں کو مارٹر اور خودکار ہتھیاروں سے نشانہ بناتی رہتی ہے جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔