جوان 2 کا ابھی کوئی ارادہ نہیں :ایٹلی

   

ممبئی ۔ اس وقت بالی ووڈ کے علاوہ سارے ہندوستان اور بیرون ملک شاہ رخ کی بلاک بسٹر فلم جوان کے چرچے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ ایٹلی کمار اپنی بلاک بسٹر فلم جوان کا سیکوئل بنانے کے لیے تیار ہیں ، جس میں سوپر اسٹار شاہ رخ خان مرکزی کردار میں ہیں اور اس خبر سے مداح پرجوش ہیں۔ مداحوں کو لگتا ہے کہ جوان 2 ایٹلی کی اگلی فلم ہوگی، تو ایسا جلد ہی نہیں ہو رہا ہے۔ ایٹلی کے پاس جوان 2 بنانے کے تمام منصوبے ضرور ہیں لیکن اتنی جلدی وہ یہ فلم نہیں بنارہے ہیں اور کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہے۔ فی الحال ایٹلی جوان کی زبردست کامیابی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ایک خصوصی بات چیت میں ایٹلی نے کہا کہ وہ جوان کو پوری دنیا میں پہچانے جانے سے مسرور ہیں لیکن وہ جلد ہی جوان 2 بنانے کا ارادہ نہیں کررہے ہیں۔ ایٹلی نے کہا،کس نے کہا کہ میں جوان 2 بنا رہا ہوں ؟ کیا میں نے تصدیق کردی ہے؟ میری ہرکہانی کا اختتام کھلا ہے اور جوان بھی ایک ہے، تو ہاں میں جوان 2 بنانے کا ارادہ کروں گا لیکن یہ میری اگلی کہانی نہیں ہوگی۔ ایٹلی کا اس بیان کا یہ مطلب نکالا گیا ہے کہ ایٹلی اب جوان کی کامیابی کے بعد دوسرے اداکاروں کے ساتھ فلمیں بنانے کے بعد جوان 2 کی طرف رخ کریں گے۔ ایسا بھی قیاس کیا جارہا ہے کہ ایٹلی کی اگلی فلم ساؤتھ سوپر اسٹار اللو ارجن کے ساتھ ہوسکتی ہے۔