جواں سال رکن اسمبلی کنٹونمنٹ لاسیا نندیتا سڑک حادثہ میں ہلاک

   

پٹن چیرو کے قریب آوٹر رنگ روڈ پر بے قابو کار ریلنگ سے ٹکرا گئی ۔ چیف منسٹر اور سابق چیف منسٹر نے خراج پیش کیا

حیدرآباد /23 فروری ( سیاست نیوز ) بی آر ایس رکن اسمبلی کنٹونمنٹ لاسیا نندیتا آج صبح سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئیں ۔ پٹن چیرو سلطان پور آوٹر رنگ روڈ پر نندیتا کی کار خوفناک حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ حادثہ میں جواں سال خاتون رکن اسمبلی برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ جبکہ ان کا ڈرائیور آکاش شدید زخمی ہوگیا ۔ حادثہ کی اطلاع سے افراد خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا اور سیاسی حلقوں میں سنسنی پھیل گئی ۔ نندیتا کی سڑک حادثہ میں ہلاکت سے بی آر ایس پارٹی میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ بی آر ایس قائد ہریش راؤ پٹن چیرو پہونچ گئے اور ضابطہ کی کارروائی کی اور خانگی ہاسپٹل میں لاسیہ نندیتا کی نعش کا معائنہ کیا اور افراد خاندان سے ملاقات کی ۔ خاتون رکن اسمبلی کی ہلاکت پر تمام پارٹیوں سے وابستہ قائدین نے اظہار تعزیت کیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نندیتا کے مکان پہونچکر خراج پیش کیا اور افراد خاندان کو پرسہ دیا ۔ سابق چیف منسٹر اور بی آر ایس سربراہ کے چندرا شیکھر راؤ بھی نندیتا کے مکان پہونچے اور خراج پیش کرکے افراد خاندان کو دلاسہ دیا جبکہ رکن کونسل کے کویتا افراد خاندان کے ساتھ موجود رہیں۔ پٹن چیرو کے سلطان پور میں پیش آئے حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی ریاست میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور سکندرآباد کنٹونمنٹ کے علاوہ گریٹر حیدرآباد میں نندیتا کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا جانے لگا ۔ 33 سالہ رکن اسمبلی نندیتا جاریہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں بھی حادثہ کا شکار ہوئی تھیں ۔ نیلگڈہ پارٹی پروگرام میں شرکت کے دوران نارکٹ پلی علاقہ میں نندیتا کی کار ٹپر سے ٹکرا گئی تھی اور رکن اسمبلی بال بال بچ گئیں تھے ۔ اس وقت بھی نندیتا کی گاڑی آکاش ہی چلا رہا تھا ۔ آج صبح حادثہ کی اصل وجہ گاڑی کی بے قابو رفتار بتائی جارہی ہے ۔ اور کہا جارہا ہے کہ نندیتا نے سیٹ بیلٹ نہیں لگایا تھا ۔ تیز رفتار گاڑی ، آوٹر رنگ روڈ کی ریلنگ سے ٹکراکر حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ کل رات نندیتا افراد خاندان کے ساتھ کوناپور سداشیوپیٹ میں مسکین شاہ بابا کی درگاہ پر حاضری کیلئے پہونچی تھی ۔ درگاہ میں زیارت اور گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد رات تقریباً 3 تا 4 بجے کے درمیان نندیتا آکاش کے ساتھ اپنی گاڑی میں نکلی ۔ تاہم گاڑی سلطان پور پہونچنے کی وجوہات کا کوئی پتہ نہ چل سکا پولیس کا کہنا ہے کہ حالت نیند اور بے قبو رفتار کے سبب یہ حادثہ پیش آیا ۔ نندیتا کے رکن اسمبلی انتخاب کے بعد سے دو مرتبہ اس طرح کا حادثہ پیش آچکا ہے ۔ ایک مرتبہ نندیتا لفٹ میں تین گھنٹوں تک پھنس گئی تھیں ۔ نندیتا نے کنٹونمنٹ سے 17 ہزار کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ انکے والد رکن اسمبلی سائنا کی موت کے بعد بی آر ایس نے نندیتا کو ٹکٹ دیا تھا ۔ وہ کواڑی گوڑہ ڈیویژن سے کارپوریٹر بھی منتخب ہوئی تھیں۔ پولیس حادثہ کی ہر زاویہ سے تحقیقات کر رہی ہے ۔ امکان ہے کہ جلد افراد خاندان سے بھی پوچھ تاچھ کی جائے گی اور زخمی آکاش کی صحتیابی کے بعد اس کا بیان لیا جائیگا ۔ نندیتا کی ہلاکت پر پرسہ دینے والوں میں تمام جماعتوں کے قائدین شامل تھے ۔ ع