زیورات بشمول دیگر اشیاء ضبط، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے جواہرات کی دکان لوٹنے والے سارقوں کو گرفتار کرلیا ۔ دکان میں کام کرنے والے بھائی اور اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ نریڈ میٹ میں دھن لکشمی جویلرس میں صفایا کیا تھا۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے بتایا کہ 4 افراد جن کا تعلق راجستھان سے ہے کوگرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 20 سالہ پی دیواسی ساکن نریڈ میٹ، 22 سالہ سکھ دیو سنگھ چوہان ساکن خانہ جی گوڑہ، 21 سالہ جی گجرا ساکن بیگم بازار اور 25 سالہ ایم دیواسی ساکن رجستھان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 29 تولہ سونا، 63 کیلو چاندی ، ایک آٹو ٹرالی، 4 سیل فون جس کی مالیت 47 لاکھ 27 ہزار 536 روپئے بتائی گئی ہے کو ضبط کرلیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس کیس میں پولیس نے اندرون ہفتہ مسروقہ سامان کی صد فیصد ریکوری انجام دی۔ اس کیس کو حل کرنے میں ایس او ٹی، آئی ٹی لاء اینڈ آرڈر، سی سی ایس پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ دکان کو بند کرنے کے بعد 11 اور 12 جون کی رات یہ کارروائی کی گئی اور پوری دکان کو لوٹ لیا گیا۔ اس سرقہ کیلئے پی دیواسی نے سازش تیار کی اور اپنے بھائی کے علاوہ دیگر ساتھیوں کو اس میں شامل کرلیا۔ اس کیس کی یکسوئی میں شامل پولیس ملازمین کو کمشنر نے ایوارڈز سے نوازا۔ اس موقع پر پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔
