جوبلی ہلز تا مادھا پور 30 منٹ کا سفر 10 منٹ میں مکمل

   

فروری سے حیدرآباد کے پہلے کیبل بریج کا آغاز ، آئی ٹی علاقہ میں عوام کو سہولت
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : جوبلی ہلز تا مادھا پور کا سفر اب 30 منٹ سے گھٹ کر 10 منٹ میں مکمل ہوجائے گا ۔ جوبلی ہلز سے سفر کرنے والے موٹر والوں کو مزید تیزی کے ساتھ اپنی منزل تک پہونچنے کی سہولت حاصل ہوگی ۔ درگم چیرو کیبل بریج کے فروری میں آغاز کے بعد مانیڈ اسپیس تا جوبلی ہلز کا فاصلہ بھی کم ہوجائے گا ۔ تقریبا 2 کلو میٹر فاصلہ کی کمی سے بھی موٹر گاڑیوں کو وقت اور پٹرول کی بچت میں مدد ملے گی ۔ اس وقت جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 سے آئی ٹی سی جنکشن ( قریب آئی لیابس I LABS ) پہونچنے کے لیے اوسطا وقت 25 تا 30 منٹ درکار ہوتا ہے ۔ اس پل کے آغاز کے ساتھ ہی مسافتی وقت گھٹ کر 10 منٹ ہوجائے گا ۔ جی ایچ ایم سی پراجکٹ رنگ کے انچارج سپرنٹنڈنٹ انجینئر وینکٹ رمنا نے کہا کہ اس بریج کی تعمیر کا کام ایل اینڈ ٹی کنسٹرکشن نے کیا ہے جس کی لاگت 184 کروڑ روپئے آئی ہے ۔اس کے لیے تقریبا 4800 میٹرک ٹن اعلیٰ معیاری اسٹیل استعمال کیا گیا ہے اس میں 3000 کیوبک میٹرس کنکریٹ اور 4800 میٹرک ٹن اسٹیل 300 میٹرک ٹن اسٹے کیبل کو استعمال کیا گیا ہے ۔ 53 سی سی سمنٹ کنکریٹ سے تیار کردہ بریج میں 26 اسٹے کیبلس ہیں ۔ ان کیبلس کو جرمنی سے حاصل کیا گیا ہے ۔ زمین سے 20 میٹرس کی بلندی پر اس بریج کو تعمیر کیا گیا ہے ۔ بریج کی جملہ لمبائی 764 میٹرس ہے ۔۔