بی جے پی کے 200 کارکنوں نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں بی جے پی کی ضمانت بچانا بھی مشکل ہے۔ عوام پوری طرح بی آر ایس کی امیدوار سنیتا کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کیلئے رائے دہی کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں ۔ آج بی جے پی کے 200 کارکنوں نے ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے بی جے پی کا نعرہ سب کا ساتھ سب کا وکاس بہت بڑا دھوکہ ہے ۔ بی جے پی کے 11 سالہ دور حکومت میں وزیراعظم نر یندر مودی نے تلنگانہ کے تمام شعبوں کو نظر انداز کیا ہے۔ گوداوری پشکرالو کیلئے آندھراپردیش کو 100 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے تلنگانہ کو ٹھینگا دکھایا گیا ہے ۔ ملک میں 157 میڈیکل کالجس دیئے گئے لیکن تلنگانہ کو ایک بھی میڈیکل کالج نہیں دیا گیا ۔ ریاست کے عوام نے تلنگانہ سے بی جے پی کے 8 ارکان پارلیمنٹ کو منتخب کیا، بدلے میں مرکزی حکومت تلنگانہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کر رہی ہے جس کا عوام کو سخت نوٹ لینے کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت بھی عوام سے کیا گیا کوئی بھی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ لہذا جوبلی ہلز کے عوام کے پاس بہترین موقع ہے کہ کانگریس اور بی جے پی امیدواروں کو شکست دیتے ہوئے بی آر ایس کی امیدوار سنیتا کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے 10 سالہ دور حکومت نے حیدرآباد کے برانڈ امیج کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دیا ہے ۔ سماج کے مختلف طبقات کے لئے فلاحی اسکیمات متعارف کراتے ہوئے اس پر صد فیصد عمل آوری کی گئی ہے جس کی وجہ سے اسمبلی کے عام انتخابات میں عوام نے گریٹر حیدر آباد میں بی آر ایس پارٹی کو بھاری ا کثریت سے کامیاب بنایا ہے۔ ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہوئی ہے مگر گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کا ایک بھی رکن اسمبلی کامیاب نہیں ہوا تھا۔ عوام میں حکومت کے خلاف سخت ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ جوبلی ہلز انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے حکومت کو عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل کرنے پر مجبور کریں۔2