8 ایجنسیوں نے کانگریس اور ایک ایجنسی نے بی آر ایس کے حق میں فیصلہ دیا تھا
حیدرآباد ۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے نتائج نے ثابت کردیا کہ زیادہ تر ایگزٹ پولس کی پیشن گوئیاں حقیقت کے قریب تھیں مجموعی طور پر 8 سروے ایجنسیوں چانکیہ، اسٹریٹیجی، اسمارٹ پول، آتماساکشی، پیپلز پلس،۔ ایچ ایم آر سروے، پلس ٹو ڈے، پی آر ایور اور آرا نے یہ پیش قیاسی کی تھی کہ کانگریس امیدوار نوین یادو واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے جبکہ ایک سروے ایجنسی نے بی آر ایس کے حق میں رجحان بتایا تھا۔ تمام سروے ایجنسیوں نے کانگریس کیلئے 46 تا 48 فیصد ووٹ حاصل ہونے کی امید کا اظہار کیا تھا مگر اصل نتیجے میں کانگریس نے 51 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنی پوزیشن اور زیادہ مضبوط ثابت کی۔ دوسری طرف بی آر ایس کیلئے 39 سے 43 فیصد ووٹوں کا اندازہ لگایا گیا تھا لیکن بی آر ایس امیدارہ ایم سنیتا گوپی ناتھ کو صرف 38 فیصد ووٹ مل سکے۔ دلچسپ بات یہ ہیکہ واحد سروے ایجنسی جس نے بی آر ایس کے آگے ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ مشن چانکیا کا اندازہ مکمل طور پر غلط ثابت ہوا۔ بی جے پی کے بارے میں تمام سروے ایجنسیوں کی پیش قیاسیاں بھی تقریباً درست نکلیں کیونکہ پارٹی کو 8 فیصد سے زیادہ ووٹ نہ ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اور حقیقت میں وہ 8 فیصد ووٹوں تک ہی محدود رہ گئی اور بی جے پی کا امیدار لنکالا دیپک ریڈی اپنی ضمانت بھی نہیں بچا سکا۔ مجموعی طور پر اس ماہ منعقدہ ضمنی انتخاب کیلئے تمام بڑے سروے ایجنسیوں کی تجزیاتی رپورٹس نے یہ واضح کردیا کہ جوبلی ہلز میں عوامی ہمدردی کانگریس کے ساتھ تھی اور انہوں نے نوین یادو کو فیصلہ کن کامیابی دلائی۔2
