جون کی سہ ماہی میں ہندوستان کی معیشت میں 13.5 فیصد اضافہ ہوا، جو ایک سال میں سب سے تیز ہے

   

نئی دہلی:ملک کی معیشت نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (اپریل تا جون) میں 13.5 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے۔یہ معلومات قومی شماریاتی دفتر کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعداد و شمار سے حاصل ہوئی ہیں۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار کی شرح نمو رواں مالی سال کی اپریل-جون سہ ماہی میں 13.5 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ جنوری-مارچ سہ ماہی میں یہ 4.1 فیصد تھی۔ پچھلے مالی سال (2021-22) کی اپریل-جون سہ ماہی میں، جی ڈی پی کی شرح نمو 20.1 فیصد تھی تقابلی بنیادوں پر غور کرتے ہوئے، بہت سے تجزیہ کاروں نے ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح دوہرے ہندسوں میں رہنے کا اندازہ لگایا تھا۔ ریٹنگ ایجنسی آئی سی آر اے نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح نمو 13 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا تھا، جب کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی رپورٹ میں یہ 15.7 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ اس ماہ مانیٹری پالیسی کے جائزے میں، ریزرو بینک آف انڈیا نے 2022-23 کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح نمو تقریباً 16.2 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا تھا۔ 2022 کی اپریل تا جون سہ ماہی میں چین کی شرح نمو 0.4 فیصد رہی ہے۔