پیرس،یکم جون (آئی اے این ایس): تین مرتبہ کے رولان گیروس چمپئن نوواک جوکووچ نے آسٹریا کے کوالیفائر فلپ میسولِک کو 6-3، 6-4، 6-2 سے شکست دے کر فرنچ اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی۔ یہ پیرس کی سرخ مٹی پر ان کے کیریئر کی 99ویں فتح ہے۔ جنیوا میں اپنا100واں ٹور لیول سنگلز خطاب جیتنے کے بعد جوکووچ اب رولان گیروس میں 100 فتوحات کا سنگ میل عبور کرنے سے صرف ایک میچ کی دوری پر ہیں۔ اگر وہ پیرکو کیمیرون نوری کو شکست دیتے ہیں تو یہ ان کی 100 ویں کامیابی کا ریکارڈ ہوگا ۔ دریں اثناء جوکووچ نے کہا،ننانوے اچھا ہے، لیکن سو بہتر ہے۔ میں مزید جیتنے کی امید رکھتا ہوں۔ میں اب اپنے کیریئر اور زندگی کے اس موڑ پر ہوں جہاں ہر میچ تاریخ کا حصہ بن رہا ہے۔ یہ ناقابل یقین ہے۔ جوکووچ سے زیادہ رولان گیروس میں صرف رافیل نڈال نے فتوحات حاصل کی ہیں، جن کا ریکارڈ 112-4 ہے۔ جوکووچ نے 2009 کے بعد کبھی کوارٹر فائنل سے پہلے شکست نہیں کھائی۔ 23 سالہ میسولِک، جو عالمی درجہ بندی میں 153 ویں مقام پر ہیں، نے ٹورنامنٹ میں27ویں سیڈ ڈینس شاپووالوف کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ یہ ان کا دوسرا گرانڈ سلام تھا اور وہ پہلی بار تیسرے راؤنڈ تک پہنچے تھے۔ یہ فتح جوکووچ کے لیے ایک ذاتی سنگ میل بھی ہے کیونکہ وہ آسٹریلین اوپن میں بھی 99 میچز جیت چکے ہیں، جہاں وہ ریکارڈ 10 مرتبہ کے چمپئن ہیں۔ جوکووچ نے مزید کہا،یہ میرا اس سال کا پہلا نائٹ سیشن تھا۔ سارا دن میچ کا انتظار کرنا آسان نہیں ہوتا، تناؤ ہوتا ہے۔ پچھلے سال موسیٹی کے خلاف ایک نائٹ سیشن صبح 3 بجے ختم ہوا تھا۔ آج رات بس امید تھی کہ اتنی دیر نہ ہو۔