جگتیال میں مسلم طالبہ پر حملہ کرنے والا سب انسپکٹر انیل کمار معطل

   

وزیر داخلہ محمود علی کی ہدایت پر کارروائی، امن و امان برقرار رکھنے عوام سے اپیل
حیدرآباد۔11۔مئی (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی کی ہدایت پر سب انسپکٹر پولیس جگتیال رورل اے انیل کمار کو معطل کرتے ہوئے احکام جاری کئے گئے ۔ انسپکٹر جنرل ملٹی زون 1 چندر شیکھر ریڈی نے مسلم لڑکی کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے سب انسپکٹر کی معطلی کے احکام جاری کئے ۔ قبل ازیں انیل کمار کا تبادلہ کرکے پولیس ہیڈکوارٹر میں تعینات کیا گیا تھا۔ تاہم مسلمانوں کے احتجاج پر تحقیقات کی تکمیل تک معطلی کے احکام جاری کئے گئے۔ واضح رہے کہ جگتیال ، کریم نگر اور دیگر علاقوں میں سب انسپکٹر پولیس کے خلاف مسلمانوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے ۔ پولیس نے ابتداء میں معمولی دفعات کے تحت سب انسپکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کیا تھا لیکن مسلمانوں کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے اور واقعہ کی سنگینی کے پیش نظر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اعلیٰ حکام کو ہدایت دی کہ سب انسپکٹر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ سب انسپکٹر نے سدی پیٹ سے جگتیال جانے والی آر ٹی سی بس کو روک کر اپنی اہلیہ کی شکایت پر مسلم طالبہ شیخ فرح پر حملہ کیا تھا۔ شیخ فراح اور ان کی والدہ کے ساتھ گالی گلوج کی گئی اور مسلم طالبہ کو گھسیٹ کر بس کے باہر لایا گیا۔ واقعہ کا ویڈیو وائرل ہوتے ہی جگتیال اور دیگر علاقوں میں مسلمانوں میں سخت احتجاج کیا جسکے بعد پولیس نے سب انسپکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کیا۔ اسی دوران وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اعلیٰ حکام سے واقعہ کی تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے واقعات سے پولیس کی نیک نامی متاثر ہوسکتی ہے۔ وزیر داخلہ نے عوام سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ قانون کے مطابق خاطی سب انسپکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ر