جگتیال میں 105 سالہ خاتون نے بوتھ پہونچ کر ووٹ ڈالا

   

حیدرآباد 30 نومبر ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ میں آج اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹ ڈالے گئے ۔ ووٹرس میں رائے دہی کے تعلق سے جوش و خروش بھی دیکھا گیا ۔ جگتیال رورل منڈل میں ایک 105 سالہ خاتون نے پولنگ بوتھس نمبر 116 واقع ضلع پریشد ہائی اسکول پولاسہ پہونچ کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ 105 سالہ خاتون رکما اپنے افراد خاندان کے ساتھ پولنگ بوتھ پہونچی تھیں اور انہیں پولنگ اسسٹنٹس نے وہیل چئیر پر پولنگ بوتھ کے اندر پہونچایا ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ بوتھس پر معمر اور ضعیف افراد کیلئے مناسب سہولتوں کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ حالانکہ معمرین کیلئے اپنے گھر سے ہی ووٹ ڈالنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی تاہم کچھ ووٹرس نے اپنا ووٹ ڈالنے پولنگ بوتھس تک آنا ہی ضروری سمجھا ۔ جسمانی معذورین کیلئے وہیل چئیرس کے علاوہ دوسرے انتظامات بھی کئے گئے تھے ۔ کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کے دوران خصوصی پولنگ بوتھس معذورین ‘ خواتین ‘ پہلی مرتبہ کے ووٹرس ‘ نوجوانوں کیلئے اور ماڈل ‘ گرین وغیرہ ناموں سے بھی قائم کئے گئے تھے ۔ مخصوص بوتھس کو مختلف نام دینے کے علاوہ انہیں سجایا بھی گیا تھا تاکہ رائے دہندوں کو راغب کیا جاسکے ۔ کچھ بوتھس میں ووٹرس کیلئے کرسیوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا ۔