حیدرآباد ۔ 16 جنوری (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی پر قاتلانہ حملے میں ملوث جے سرینواس راؤ نے اپنی درخواست ضمانت عدالت سے واپس طلب کرلی ہے ۔ ملزم سرینواس راؤ کے وکیل محمد سلیم نے اس بات کی توثیق کی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جگن موہن ریڈی پر /25 اکٹوبر سال 2018 ء کو وشاکھاپٹنم ایرپورٹ لانج پر کینٹین کے ملازم سرینواس راؤ نے مرغ بازی میں استعمال کی جانے والی چاقو سے حملہ کیا تھا جس کے بعد آندھراپردیش پولیس نے اسے گرفتار کیا تھا اور اس کیس کی تحقیقات خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی جانب سے کی گئی تھی ۔ جاریہ ماہ مرکزی وزارت داخلہ نے جگن موہن ریڈی حملے کیس کی تحقیقات نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے حوالے کرتے ہوئے احکامات جاری کئے تھے اور تحقیقاتی ایجنسی نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے سرینواس راؤ کو 7 دن کی پولیس تحویل میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جگن حملہ کیس کے ملزم کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور اسی مقصد سے اس کی درخواست ضمانت کو واپس لے لیا گیا ہے ۔ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ سرینواس راؤ جیل میں ہی محفوظ ہے اور باہر نکلنے پر اسے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔