حیدرآباد: چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے دوران ریاست کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جگن نے پولاورم پراجکٹ کی تعمیری سرگرمیوں سے واقف کرایا اور آندھراپردیش کو زیر التواء فنڈس کی اجر ائی کی اپیل کی ۔ جگن نے آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت زیر التواء مختلف امور کی یکسوئی کی خواہش کی ہے ۔ انہوں نے ہائی کورٹ کو کرنول منتقل کرنے کے فیصلہ سے آگاہ کرتے ہوئے مرکز سے منظوری کی خواہش کی۔ چیف منسٹر نے آندھراپردیش کو خصوصی موقف کا درجہ دینے کے مطالبہ کو دہرایا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو درپیش معاشی مسائل کے سبب خصوصی موقف ضروری ہے۔ ریاست میں نئی صنعتوں کے قیام کی راہ ہموار ہوگی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ ریاست میں جگن کو دارالحکومت کے قیام سے متعلق احتجاج کا سامنا ہے۔