نئی دہلی، 18 اگست (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے جھارکھنڈ کے طلبہ اور ریاستی حکومت کے درمیان اتفاقِ رائے بننے اور طلبہ کی بھوک ہڑتال ختم ہونے پر مسرت کا اظہار کیا، لیکن کہا کہ طلبہ کے سوالوں کے جواب ملنے چاہئیں۔راہول گاندھی نے منگل کے روز سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور جھارکھنڈ حکومت نے بات چیت کا راستہ چنا اور حل نکالا۔ طلبہ نے صبر و ضبط کا مظاہرہ کیا اور اپنی بات منوائی۔انہوں نے کہا کہ یہی درست طریقہ ہے – طلبہ سوال پوچھیں، تو جواب ملنا چاہیے ۔ میں ہر طالب علم کے ساتھ کھڑا ہوں اور ‘اس وصولی کے نظام’ کو جڑ سے بدل کر رہیں گے ، تاکہ ہر طالب علم کو اس کی محنت کا پورا پھل اور منصفانہ مسابقت کا حق ملے ۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں یہ نظام بدلے گا اور ایسا نظام بنے گا جو طلبہ کو آگے بڑھائے ، انہیں پیچھے نہ دھکیلے ۔