جھارکھنڈ کے گاؤں میں تشدد ، گھروں اور گاڑیوں کو نقصان

,

   

نوجوانوں کے دو گروپ میں جھگڑا ، فر قہ وارانہ تصادم میں تبدیل ، سنگباری میں متعدد زخمی

رانچی ۔ /2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ کے کانکے پولیس اسٹیشن کے تحت موضع مروم میں سال نو کے موقع پر نوجوانوں کے دو گروہوں کے درمیان میں جھگڑا منگل کی شام پرتشدد فر قہ وارانہ جھڑپ کا رخ اختیار کرگیا ۔ عام جھگڑا مکمل طور پر فر قہ وارانہ رنگ اختیار کرلینے کے بعد اشرار نے کم سے کم پانچ گاڑیوں کو آگ لگادی ۔ جن میں پولیس کی ایک گاڑی بھی شامل ہے ۔ اس علاقہ کی تین دوکانیں نذرآتش کردی گئیں اور کئی گھر منہدم کردیئے گئے ۔ اشرار نے رنگ روڈ تعمیر کرنے والی کمپنی کے بیس کیمپ میں گھس کر توڑ پھوڑ کی ۔ دو درجن سے زائد چھوٹی ٹرینوں کو نقصان پہونچایا گیا ۔ دونوں گروپوں کے درمیان ہولناک سنگباری کے سبب بشمول چند ملازمین پولیس زائد از ایک درجن افراد زخمی ہوگئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی رنیش گپتا ، ایس پی ٹریفک اجیت پیٹر ڈنگڈنگ ، ایس پی رورل آشوتوش شیکھر ، کانکے کے سرکل آفیسر پرشانت بھوش سنگھ اور دیگر عہدیدار وہاں پہونچ گئے ۔