جی ایچ ایم سی انتخابات کی تیاریوں میں شدت

   

۔7 نومبر کو مسودہ اور 13 نومبر کو ووٹر لسٹ کی قطعی فہرست جاری ہوگی
حیدرآباد :۔ جی ایچ ایم سی انتخابات کے لیے تیاریوں میں تیزی پیدا کردی گئی ہے ۔ 7 نومبر کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا ۔ 8 تا 11 نومبر اعتراضات قبول کئے جائیں گے ۔ 13 نومبر کو فہرست رائے دہندگان کی قطعی فہرست جاری کردی جائے گی ۔ آندھرا پردیش سے 28,683 بیالٹ باکس شہر حیدرآباد پہونچ چکے ہیں ۔ ضلع ناگر کرنول سے مزید 800 بیالٹ باکس آنے والے ہیں جنہیں چادر گھاٹ کے وکٹری گراونڈ پر محفوظ رکھا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے ان بیالٹ باکس کی مرمت کرتے ہوئے 15 نومبر تک دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ ان بیالٹ باکس کو کلر بھی کیا جارہا ہے ۔ الیکشن کمشنر پارتا سارتھی نے 13 نومبر کے بعد کسی بھی وقت جی ایچ ایم سی کے انتخابات کے لیے اعلامیہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جس کے بعد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ بلکہ اس میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے قانون میں ترمیم کرنے کے بعد ریزرویشن اور ڈیویژنس میں کوئی تبدیلی نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے کم وقت میں جی ایچ ایم سی کے انتخابات کرانے کی توقع ہے ۔ کورونا بحران کے پیش نظر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے بجائے بیالٹ پیپر کے ذریعہ انتخابات کرانے کا الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی میں جملہ 150 ڈیویژنس ہیں ۔ 150 وارڈس کے لیے ریٹرننگ آفیسرس اور خصوصی کاونٹنگ مراکز توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں ۔ ایک ایک وارڈ میں 50 پولنگ مراکز رہیں گے ۔ 30 ڈپٹی کمشنرس انتخابی ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ لائیو ویب کاسٹنگ کے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ہر وارڈ کے ایک پولنگ اسٹیشن کا انتخاب کرتے ہوئے چہرے کی شناخت والی ٹکنالوجی استعمال کی جائے گی ۔۔