حیدرآبادیکم دسمبر(یواین آئی) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کا جنرل باڈی اجلاس 18دسمبرکو ہوگا جبکہ اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ 8ڈسمبر کو ہوگی۔دو کروڑ روپئے سے زائد کے کسی بھی ترقیاتی کام یا انفراسٹرکچر کے کام کے لئے اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری ضروری ہوتی ہے تاہم دو کروڑ روپئے سے کم کے کام کی جی ایچ ایم سی زونل کمشنر یا زونل کمشنرس کی جانب سے منظوری ممکن ہے ۔تین کروڑ تا 6کروڑروپئے کے درمیان کام کیلئے بلدیہ کو تجاویز جنرل باڈی میٹنگ میں پیش کرنا ہوتا ہے اور 6کروڑروپئے سے زائد کے کام کیلئے اسٹینڈنگ کمیٹی کے ذریعہ اس کی منظوری کیلئے تجویز کو ریاستی حکومت سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔
کونسل کے اجلاس میں کارپوریٹرس، مئیر، جی ایچ ایم سی کمشنر اور مختلف محکمہ جات کے صدور کی موجودگی میں اپنے متعلقہ وارڈس کے مسائل اٹھاسکتے ہیں۔ اس اجلاس میں بہ اعتبار عہدہ ارکان کے طورپر ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، ارکان کونسل بھی شرکت کرتے ہیں جو جی ایچ ایم سی کی کونسل کا حصہ ہوتے ہیں۔