نئی دہلی/واشنگٹن : امریکی کمپنی جی ای ایرو اسپیس نے جمعرات کو کہا کہ اس نے طیارہ ساز کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کے ساتھ ہندوستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے انجن تیار کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ کمپنی نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان میں انجن کی تیاری کے لیے امریکی حکومت سے ضروری دفاعی برآمدی لائسنس حاصل کرنے کے عمل میں ہے ۔ اس معاہدے کو وزیر اعظم نریندر مودی کے موجودہ امریکی دورے کی ایک بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ امریکہ میں اوہیو میں قائم جی ای ایرو اسپیس نے کہا ہے کہ اس معاہدے کے تحت اس کا ایف 414 جیٹ انجن ایچ اے ایل کے ساتھ مشترکہ طور پر ہندوستان میں تیار کیے جانے کا امکان ہے ۔ جی ای ایرو اسپیس نے کہا ہے کہ وہ اس کے لیے ضروری برآمدی لائسنس حاصل کرنے کے لیے امریکی حکومت سے بات چیت کر رہی ہے ۔ جی ای ایرو اسپیس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایچ لارنس کلپ جونیئر نے ایک بیان میں کہا “ہمارے ایف 414 انجن بے مثال ہیں،” ۔ اس سے دونوں ممالک کو اہم اقتصادی اور قومی سلامتی کے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں کیونکہ ہم اپنے صارفین کو ان کے فوجی بیڑے کی ضروریات کے لیے بہترین انجن بنانے میں مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے ایچ اے ایل اور جی ای ایرو اسپیس کے درمیان معاہدے کو ‘تاریخی’ قرار دیا۔