جے سی بی ڈرائیور ’ سبحان تجھے سلام ‘

,

   

خود کی زندگی کو خطرے میں ڈال کر پانی میں پھنسے ہوئے 9 افراد کی جان بچانے کا کارنامہ
حیدرآباد 3 ستمبر : ( سیاست نیوز ) : جے سی بی کے ڈرائیور سبحان نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر 9 لوگوں کی جان بچائی جس کی ریاست بھر میں ستائش ہورہی ہے ۔ سوشیل میڈیا میں ’ سبحان تجھے سلام ‘ کے نام سے ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں ۔ تلنگانہ میں موسلا دھار بارش سے ریاست میں سب سے زیادہ نقصان ضلع کھمم میں ہوا ہے ۔ ایک دن کی بارش سے عام زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے ۔ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی آمد و رفت کا مرکز کھمم پوری طرح پانی میں محصور ہوگیا ۔ شہری و دیہی علاقے سیلاب کی زد میں آگئے ۔ سیلابی پانی کئی برجس پر سے خطرے کی سطح پر بہہ رہا تھا ۔ شدید بارش اور سیلابی پانی پرکاش نگر برج سے بہہ رہا تھا ۔ اس برج پر 9 افراد پھنسے تھے اور مدد کے منتظر تھے ۔ انہیں بچانے کی کوئی ہمت نہیں کررہے تھے ۔ اس خطرناک سیلاب میں جے سی بی ڈرائیور سبحان نے دلیری کا مظاہرہ کیا۔ جے سی بی کو برج تک پہونچاتے ہوئے 9 افراد کی جان بچائی اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا ۔ دلیرانہ اقدام پر میڈیا نے جب سبحان سے سوال کیا کہ کیا تمہیں ڈر نہیں لگا سبحان نے کہا کہ زندگی کس کو پیاری نہیں ہوتی مصیبت کے وقت کام آنا ہی اصل زندگی ہے ۔ میں نے ایک پل کیلئے سوچا بھی تھا ۔ اس کے بعد تہیہ کرلیا کہ میں برج تک نہیں پہونچا تو میری ایک جان جائیگی اگر پہونچ گیا تو 9 افراد کی زندگی بچا پاؤں گا یہی سوچ کر برج کے پاس پہونچا اور لوگوں کی زندگی بچائی ۔ سبحان کی اس دلیری پر پانی میں پھنسے ہوئے 9 افراد نے سبحان سے اظہار تشکر کیا اور مقامی عوام نے سبحان کو تہنیت پیش کی