دارالعلوم بلال پور میں تکمیل حفظ پر تہنیتی تقریب سے خطاب
کوہیر۔/24 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی کے کوہیر منڈل کے ایک چھوٹے سے موضع بلال پور میں واقع مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم بلال پور میں 10 طلباء نے حفظ قرآن تکمیل کرلیا ہے اور گذشتہ روز ایک ہی دن میں مکمل قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کرلی ہے۔ اس موقع پر ان حفاظ کرام کیلئے ایک تہنیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر صدر مدرس استاذ الاساتذہ حافظ و قاری محمد فاروق احمد نے پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجیدواحد متبرک کتاب ہے جس کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ پڑھے جانے کا اعزاز حاصل ہے اور قرآن مجید کو جس نیت سے پڑھوگے ویسے ہی کام کرتا ہے، یہ قرآن مجید کا معجز ہے اور صبح قیامت تک جارہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو قرآن مجید کو یاد کرتا ہے تو اس پر اللہ تعالیٰ کی رحمت خاص ہوتی ہے اور بروز قیامت حافظ قرآن کے ماں باپ کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک نور کا تاج پہنایا جائے گا۔ انہوں نے حفاظ کرام سے خواہش کی ہے کہ وہ ہمیشہ قرآن مجید کی تلاوت کو جاری رکھیں، حافظ فاروق احمد نے اساتذہ کی محنتوں کی زبردست سراہنا کی۔ خوش نصیب طلباء کے نام حسب ذیل ہیں : ابوبکر علی پور ظہیر آباد، محمد عزیز، محمد زبیر تانڈور، محمد شوکت مخدوم پلہ، محمد ذکر مرزا پور، محمد شکیل ہوتی، محمد شیبان ظہیرآباد، محمد صدیق حفیظ پیٹ، محمد مستقیم ظہیرآباد، محمد مبشر بلال پور۔ اس موقع پر ذمہ داران مدرسہ الحاج احمد پٹیل، صدر انتظامی کمیٹی الحاج محمد مشتاق حسین، معتمد انتظامی کمیٹی محمد محسن پٹیل، ناظم مدرسہ الحاج محمد اخلاق حسینی نائب صدر مدرسہ نے تمام طلباء اور ان کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اساتذہ کرام کی محنتوں کی ستائش کی ۔ محمد محبوب علی کو خوب دعاؤں سے نوازا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔